سی پی آئی قائدین کی سنگارینی کالونی متاثرہ خاندان سے ملاقات

   

حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا اور سی پی آئی کے سینئر قائد سید عزیز پاشاہ کی قیادت میں سابق رکن اسمبلی سامبا سیوا راؤ، سٹی سکریٹری ای ٹی نرسمہا، شنکر نائیک سکریٹری اور آل انڈیا بنجارہ سنگم کے قائدین پر مشتمل وفد نے سنگارینی کالونی میں کمسن مقتول لڑکی کے والدین سے ملاقات کی۔ عزیز پاشاہ نے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ سی پی آئی انصاف دلانے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ خاطی کی گرفتاری میں پولیس کی ناکامی افسوسناک ہے۔ تلنگانہ پولیس بہتر کارکردگی کے بارے میں بلند بانگ دعوے کرتی ہے لیکن ایک کمسن لڑکی کے قاتل کو آج تک گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے خواتین اور لڑکیوں پر بڑھتے مظالم کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ خواتین پر مظالم کے واقعات پر قابو پانے میں حکومت اور پولیس ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خواتین پر مظالم کے واقعات سے نمٹنے نربھئے قانون کی موجودگی کے باوجود مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے کسی بھی نمائندہ نے آج تک متاثرہ خاندان سے ملاقات نہیں کی۔ شہر سے تعلق رکھنے والے وزراء نے متاثرہ خاندان کو پرسہ نہیں دیا۔ عزیز پاشاہ نے متاثرہ خاندان کو 50 لاکھ روپئے کی امداد اور سرکاری ملازمت کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔R