رنگاریڈی ضلع میں 8 ہزار بے گھر خاندانوں کی نمائندگی
حیدرآباد۔/19 جون، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ رکن اسمبلی کی قیادت میں ایک وفد نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور رنگاریڈی ضلع کے عبداللہ پور میٹ منڈل میں بسنے والے بے گھر خاندانوں کے مسائل کی یکسوئی کی درخواست کی۔ عبداللہ پور میٹ کے حدود میں واقع راوی نارائن ریڈی کالونی میں 8 ہزار سے زائد خاندان جھونپڑیوں میں زندگی بسر کررہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مستقل رہائشی انتظام کی درخواست کی گئی۔ ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ کے ہمراہ رنگاریڈی ضلع کے سی پی آئی سکریٹری پی جنگیا، ریاستی عاملہ کے ارکان اے رویندر چاری، ایس پرواتالو اور یادی ریڈی نے چیف منسٹر کو یادداشت پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بے گھر خاندان بارش ، سردی اور گرمی کی پرواہ کئے بغیر جھونپڑیوں میں زندگی بسر کررہے ہیں ان میں 400 اسکولی طلبہ ہیں جو سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ سی پی آئی قائدین نے بھودان کی اراضی ان بے گھر خاندانوں میں تقسیم کرنے اور برقی، پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی درخواست کی۔ چیف منسٹر سے شکایت کی گئی کہ خانگی رئیل اسٹیٹ تاجروں نے ریوینیو حکام سے ملی بھگت کے ذریعہ جھونپڑیوں کو برخواست کرنے اور غریب خاندانوں کو بے گھر کرنے کی کوشش کی ہے۔ چیف منسٹر نے بے گھر خاندانوں کے مسائل کا ہمدردانہ طور پر جائزہ لینے اور یکسوئی کا تیقن دیا۔ 1