بنڈارو دتاتریہ نے ایل رمنا کی خیریت دریافت کی
حیدرآباد۔/9 مئی،( سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا کو فون کرتے ہوئے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ نائب صدر جمہوریہ ان دنوں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ملک بھر میں ارکان پارلیمنٹ اور اپنے دوست احباب و رشتہ داروں کو فون کرتے ہوئے صحت کے بارے میں دریافت کررہے ہیں۔ ڈاکٹر نارائنا اور ان کی شریک حیات سے نائب صدر جمہوریہ نے بات کی اور موجودہ صورتحال میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے صحت کے بارے میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اسی دوران ہماچل پردیش کے گورنر بنڈارو دتاتریہ نے بھی تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں اپنے دوست احباب و رشتہ داروں کو فون کرتے ہوئے صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے تلگودیشم کے صدر ایل رمنا کو فون کرتے ہوئے خیریت دریافت کی۔ بنڈارو دتاتریہ کا شمار بی جے پی کے ان قائدین میں ہوتا ہے جن کے دوست ہر پارٹی میں موجود ہیں۔ ان کے بہت کم سیاسی مخالفین ہیں اور دتاتریہ ہر کسی سے بہتر روابط کے سلسلہ میں شہرت رکھتے ہیں۔ تلنگانہ کے بی جے پی کے علاوہ دیگر پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے اپنے دوستوں کو ٹیلی فون کرتے ہوئے بنڈارو دتاتریہ کوویڈ19- کے بحران کے سبب احتیاط برتنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
