حیدرآباد،27اکتوبر(یواین آئی) تلنگانہ آرٹی سی ورکرس کی ہڑتال کی حمایت میں سی پی آئی لیڈر کے سامباسیوا راؤ کی بھوک ہڑتال دوسرے دن میں داخل ہوگئی۔ انہوں نے حکومت کے رویہ کے خلاف گزشتہ روز حیدرآباد میں پارٹی ہیڈ کوارٹرس مخدوم بھون میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی تھی اور یہ الزام لگایا تھا کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے آرٹی سی کے اثاثہ جات کی چوری کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے ملازمین کو برطرف کرنے حکومت کے قدم کو بھی غیر منصفانہ اور نامناسب قرار دیا تھا۔ تلگودیشم، کانگریس کے لیڈروں نے اس بھوک ہڑتال سے یگانگت کا اظہارکیا۔ کئی لیڈروں نے بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچ کرراؤ سے ملاقات کی اور یگانگت کا اظہار کرتے ہوئے اس بھوک ہڑتال کی مکمل حمایت کی۔