سی پی آئی لیڈر کے قتل کیس میں چار افراد گرفتار۔ مزید دو مفرور

   

حیدرآباد ۔ 19 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ملک پیٹ پولیس نے سی پی آئی لیڈر کماوت چندو راتھوڑ کے قتل میں ملوث قاتلوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ ایسٹ زون چیتنیہ کمار نے ایک پریس کانفرنس میںبتایا کہ 48 سالہ دونتی راجیش ساکن اپل متوطن کھمم 26 سالہ ارجن گنگا پرکاش ساکن نیلور 30 سالہ ایل رام بابو ساکن نیلور اور 30 سالہ کے پرشانت کو گرفتار کرلیا جب کہ دیگر دو مفرور بتائے گئے ہیں ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ سرینو اور کے ایڈوکنڈالو مفرور ہیں ۔ جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا ۔ رام بالو 6 ، ارجن 3 ، راجیش 3 وارداتوں میں شامل ہیں ۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ راجیش اور مقتول چندو راتھوڑ کے درمیان مخاصمت چل رہی تھی ۔ دونوں چار سال اچھے دوست رہے ۔ جنوری 2022 میں راجیش نے حیات نگر منڈل کے کنٹلور ولیج میں ایک سو ایکر اراضی پر چندو راتھوڑ کی مدد سے تقریبا 1300 جھونپڑیوں کو قائم کیا جس میں دیگر 800 افراد بھی شامل تھے ۔ اس دوران چندو راتھوڑ نے 13 لاکھ روپئے وصول کئے اور دیگر ساتھی پارٹی ورکرس میں راجیش بدنام ہوگیا ۔ اس کے علاوہ مقتول نے برادر نسبتی اور بال ریڈی بلڈر کے درمیان تنازعہ کی یکسوئی کیلئے 12 لاکھ روپئے حاصل کئے اور اسکے برادر نسبتی کی بیوی سے ناجائز تعلقات قائم ہوچکے تھے ۔ جس کے بعد سازش تیار کرکے چندو راتھوڑ کا قتل کردیا گیا ۔ پولیس مفرور ملزمین کو تلاش کررہی ہے ۔۔ ع