آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال سے نمٹنے کے طریقہ کار پر فیصلہ
حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی نے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید کرتے ہوئے حضور نگر میں ٹی آر ایس کی تائید سے دستبرداری کا اعلان کیا۔ ریاستی سکریٹری سی پی آئی چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ آر ٹی سی ہڑتال کے مسئلہ پر حکومت کے معاندانہ رویہ کو دیکھتے ہوئے پارٹی نے حضور نگر میں تائید سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ہڑتال سے قبل سی پی آئی نے ٹی آر ایس کی تائید کا اعلان کیا تھا لیکن موجودہ صورتحال میں اس فیصلہ سے دستبرداری اختیار کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کے جائز مطالبات کے حل کے سلسلہ میں حکومت کا رویہ افسوسناک ہے۔ سی پی آئی آر ٹی سی ملازمین کی جدوجہد میں شامل رہے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر انتقامی جذبہ کے تحت ملازمین کے خلاف کارروائی کررہے ہیں۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے عادل آباد ضلع میں آر ٹی سی ملازمین کے احتجاجی دھرنے میں حصہ لیا اور حکومت سے مانگ کی کہ وہ ملازمین کو فوری بات چیت کیلئے مدعو کرے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو پڑوسی ریاست کے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی سے سبق سیکھنا چاہیئے جنہوں نے کمزور معاشی موقف کے باوجود آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کیا۔ انہوں نے کہا کہ خانگیانے کے منصوبہ کے تحت کے سی آر مطالبات قبول کرنے تیار نہیں۔ دیگر محکمہ جات کے ملازمین کو متحد ہوکر آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ احتجاج میں شامل ہونا چاہیئے۔