حیدرآباد 6 جون (یو این آئی) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(سی پی آئی) اے پی یونٹ نے وائی ایس آرکانگریس کی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کے دوران ترقی پر وائٹ پیپر جاری کرنے کامطالبہ کیا۔ اپنے بیان میں سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے راماکرشنا نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس حکومت نے دعوی کیا ہے کہ ایک سالہ دور کے دوران بڑے پیمانہ پر ترقی کی گئی ہے ۔انہوں نے سوال کیا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران زراعت اور آبپاشی کے شعبہ میں کیا ترقی کی گئی؟انفراسٹرکچر کی کیا ترقی ہوئی؟حکومت کو چاہئے کہ وہ وائٹ پیپر جاری کرے ۔سی پی آئی لیڈر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولاورم پروجیکٹ رک گیا ہے ۔ریاستی حکومت نے وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے رنگ، پنچایت کی عمارتوں پر کرنے کے لئے 1600کروڑ روپئے ضائع کئے ہیں۔ راماکرشنا نے نشاندہی کی کہ ہائی کورٹ نے کئی مسائل پر حکومت پرنکتہ چینی کی ہے ۔جب ریاست کے عوام کی معیشت پر کورونا نے اثر شروع کیا تو حکومت نے بجلی کی شرحوں میں اضافہ کردیا۔سی پی آئی لیڈرنے مطالبہ کیا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ مختلف مسائل پر کل جماعتی اجلاس طلب کرے ۔