سی پی آئی کا دروازہ کھٹکھٹانے ٹی آر ایس مجبور

   

حکمراں جماعت حضور نگر میں شکست کے اندیشوں سے خوفزدہ: اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر (این ایس ایس) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکمراں جماعت حضور نگر سے اپنی شکست کے اندیشوں سے خوفزدہ ہے جس کے پیش نظر وہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے دروازے کھٹکھٹانے پر مجبور ہوگئی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حضور نگر میں شکست کے خوف نے حکمراں جماعت کے قائدین کو سی پی آئی قائدین سے ملاقات کیلئے مخدوم بھون (سی پی آئی ہیڈکوارٹر) پہنچادیا۔اتم کمار ریڈی نے اپنے پریس نوٹ میں اس یقین کا اظہار کیا کہ حضور نگر سے کانگریس امیدوار پدماوتی ریڈی بھاری اکثریت سے منتخب ہوں گی۔ انہوں نے سی پی آئی قائدین سے اپیل کی کہ وہ ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کی تائید نہ کریں بجائے اس کے کانگریس امیدوار پدماوتی ریڈی کی تائید کرتے ہوئے کے سی آر حکومت کو سبق سکھایا جائے۔ انہوں نے سی پی آئی قائدین سے کہا کہ اس ببات کو نہ بھولیں کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گزشتہ 6 سال سے بائیں بازو جماعتوں کی توہین کی ہے اور ان کے وجود پر ہی سوال اٹھا دیا ہے۔