ڈپٹی چیف منسٹر ملوبٹی وکرامارک کی سی پی آئی قائدین سے ملاقات کے بعد فیصلہ
حیدرآباد ۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر ملوبٹی وکرامارک کی کامیاب مساعی کے بعد سی پی آئی نے فرقہ پرست بی جے پی اور موقع پرست بی آر ایس کو شکست دینے کیلئے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی مکمل تائید و حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہیکہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور سی پی آئی نے ایک دوسرے سے اتحاد کرتے ہوئے مقابلہ کیا تھا۔ لوک سبھا انتخابات میں انڈیا اتحاد کی حلیف ہونے کی وجہ سے تلنگانہ میں ایک لوک سبھا نشست دینے کی سی پی آئی نے کانگریس سے اپیل کی تھی۔ تاہم کانگریس نے تمام 17 لوک سبھا حلقوں پر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر ملوبٹی وکرامارک نے آج مخدوم بھون پہنچ کر تلنگانہ کے سی پی آئی اسٹیٹ سکریٹری کے سامباشیوراؤ رکن اسمبلی و دیگر قائدین سے ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال، انڈیا اتحاد پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے بی جے پی کو شکست دینے کیلئے مقابلہ کرنے کے بجائے کانگریس کا ساتھ دینے کی سی پی آئی قائد سے اپیل کی، جس سے سی پی آئی نے اتفاق کیا اور تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کا بھرپور ساتھ دینے اور کانگریس کے ساتھ مشترکہ انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا۔ سی پی آئی ایم کے اسٹیٹ سکریٹری و رکن اسمبلی کے سامباشیوراؤ نے کہا کہ ریاست میں کانگریس اور سی پی آئی کے درمیان اتحاد ہے۔ اس اتحاد کو لوک سبھا انتخابات میں بھی برقرار رکھا جارہا ہے۔ کمیونسٹ جماعت ملک میں فرقہ پرست بی جے پی کے خلاف مہم چلارہی ہیں۔ بی آر ایس بھی مفاد پرست جماعت ہے۔ دونوں جماعتوں کے خلاف کام کرتے ہوئے کانگریس کا ساتھ دیا جائے گا۔ ملوبٹی وکرامارک نے سی پی آئی کی جانب سے کانگریس کی تائید کرنے کا اعلان کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی انڈیا اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں فرقہ پرست بی جے پی کا مقابلہ کررہی ہے۔ اس اتحاد کو تلنگانہ میں برقرار رکھنے کیلئے کل سی پی ایم کے قائدین سے وہ ملاقات کرچکے ہیں۔ آج سی پی آئی کے قائدین سے ملاقات کی ہے۔ سی پی آئی نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے جس کا وہ خیرمقدم کرتے ہیں۔ سی پی آئی کی تائید سے کانگریس پارٹی تلنگانہ میں لوک سبھا کے زیادہ سے زیادہ حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔2