ڈاکٹر کے نارائنااور عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔2 ۔ جون (سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(سی پی آئی)کی جانب سے پارٹی دفتر مخدوم بھون میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔اس موقع پر پارٹی کے قومی سکریٹری کے نارائنا نے قومی پرچم لہرایا۔انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد آبپاشی اور زراعت کے کام ادھورے چھوڑے گئے اوربالخصوص دریائے کرشنا پر پروجیکٹس کی تعمیر کاکام زیرالتوا ہے۔انہوں نے کہاکہ جو خواب تلنگانہ ریاست کے لئے بنائے گئے تھے وہ خواب ادھورے رہ گئے۔چاڈاوینکٹ ریڈی سکریٹری تلنگانہ سی پی آئی نے کہاکہ تلنگانہ ریاست میں اب بھی جمہوریت کا فقدان ہے کیونکہ وزیراعلی آمرانہ طرز عمل اختیار کئے ہوئے ہیں اور اپوزیشن جماعتوں کے تعمیری مثبت مشوروں کو قبول کرنے پر آمادہ نہیں ہیں۔عزیزپاشاہ رکن عاملہ قومی سی پی آئی و سابق رکن راجیہ سبھانے کمیونسٹ پارٹی کے تاریخ ساز رول پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ہمیشہ ہی عوامی مفادات کے لئے سرگرم رہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے زیرالتوا پروجیکٹس پر پارٹی نے تحریک کے لائحہ عمل کو تیار کیا ہے۔انہوں نے تاسف کا اظہار کیا کہ کے چندرشیکھرراو اور ان کے فرزند کے تارک راما راو کا دعوی ہے کہ ہر محاذ پرریاست ملک میں اول نمبر پر ہے تاہم 2019کے مصدقہ سروے کے مطابق تلنگانہ صحت کے شعبہ میں ملک میں 12ویں مقام پر ہے۔تعلیم کے شعبہ میں ریاست کو 14واں مقام حاصل ہے،امن وضبط کے معاملہ میں ریاست 15واں مقام رکھتی ہے اور ہمہ جہتی ترقی میں ریاست کو 22واں درجہ ملا ہے۔اس موقع پر مختلف پروگرامس بھی پیش کئے گئے۔