آر ایس ایس اور فرقہ پرستوں کو کھلی چھوٹ ، سید عزیز پاشاہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔13جنوری(سیاست نیوز) شہریت ترمیمی قانون ‘ این آرسی او راین پی آر کے خلاف مجوزہ جلسہ عام میں اجازت دینے سے انکار پر سٹی پولیس او رحکومت تلنگانہ کے رویہ کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کمیونسٹ قائدین نے کہاکہ حکومت اور اس کے ہمنوا سیاسی پارٹیوں کے اشارے پر پولیس کام کرتے ہوئے فنکشن ہال کے اندر منعقد شدنی جلسہ عام کو روکا گیا ہے۔ سی پی آئی کے ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا‘ قومی صدر تنظیم انصاف وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جنا ب سید عزیز پاشاہ ‘ سی پی آئی تلنگانہ یونٹ جنرل سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی‘ اور شہری کونسل کے جنرل سکریٹری ای ٹی نرسمہا نے ایک آواز میں سی پی آئی کے جلسہ عام کو اجازت نہ دینے کی سخت الفاظ میںمذمت کی اور کہاکہ جے این یو ایس یو کے سابق صدر کنہیا کمار کوئی مشتبہ شخصیت نہیںبلکہ سی پی آئی قومی عاملہ کے رکن ہیں او رعالمی شہرت یافتہ شخص ہیں مگر پولیس سی اے اے‘ این آرسی او راین پی آر کے خلاف شہر کے مضافات میںسی پی آئی سٹی کونسل کی نگرانی میںمنعقد شدنی جلسہ عام کو اجاز ت دینے سے انکار کررہی ہے۔ قائدین نے مزید کہاکہ پولیس ایک طرف آر ایس ایس کو لاٹھیوں کے ساتھ مارچ کی اجاز ت دیتی ہے اور دوسری سیاسی جماعتوں کو جلوس نکالنے او رجلسہ منعقد کرنے کی اجازت دیتی ہے مگر کمیونسٹ پارٹیوں اور رضاکارانہ تنظیموں کو جلسوں اور جلوس نکالنے سے روک رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ ملین مارچ کے دوران کنونیرز پر 22مقدمات درج کئے گئے او رشہر کے ہر پولیس اسٹیشن میں مقدمات کا اندراج عمل میںآیاہے جبکہ نہ تو آر ایس ایس اور نہ ہی کسی اور سیاسی جماعت پر پولیس نے مقدمہ درج کیاہے۔ مذکورہ کمیونسٹ قائدین نے کہاکہ حکومت تلنگانہ اپنے جانبدرانہ رویہ سے تلنگانہ میںفرقہ پرستوں کے حوصلوں کو مضبوط کررہی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا خاموش بیٹھنے والی نہیںہے ۔ بہت جلد ہم عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے اور وہاں سے اجازت حاصل کرنے کے بعد شہر میں سی اے اے ‘ این آرسی او راین پی آر کے خلاف کنہیا کمار کے خصوصی خطاب کے ساتھ جلسہ منعقد کریں گے۔ڈاکٹر سدھاکر بھی پریس کانفرنس میںموجود تھے۔