سی پی آئی ایم قائد محمد یوسف تریگامی کی سرینگر سے ایمس نئی دہلی منتقلی کا سپریم کور ٹ کا حکم، جنرل سکریٹری سیتارام یچوری کو کوئی اعتراض نہیں

   

نئی دہلی۔5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے جمعرات کے دن حکم دیا کہ علیل سی پی آئی ایم قائد محمد یوسف تریگامی کو مزید تاخیر کے بغیر ایمس دہلی منتقل کیا جائے۔ وہ فی الحال اپنے گھر پر نظربند ہیں۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی اور دیگر ججوں پر مشتمل سپریم کورٹ کی بنچ نے ان کی منتقلی کا حکم دیا۔ شیرکشمیر ادارہ برائے طبی امداد ان کا علاج کررہا ہے۔ بنچ نے مرکزی حکومت اور جموں وکشمیر کے انتظامیہ کو بھی اطلاع دی کہ سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوتی نے کہا ہے کہ تریگامی کو بغرض علاج نئی دہلی منتقل کرنے پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کی بنچ کے اجلاس پر تریگامی کی گرفتاری کے خلاف درخواست پیش کی تھی اور کہا تھا کہ ان کا ایمس نئی دہلی میں بہتر علاج ہوسکتا ہے۔ یچوری نے قبل ازیں سپریم کورٹ کی ہدایت پر جموں و کشمیر کا دورہ کیا تھا اور اپنے علیل قائد کی عیادت کی تھی۔ 16 ستمبر کو سی پی آئی ایم کے دونوں قائدین کی تریگامی کی قیام گاہ پر ملاقات ہوئی تھی۔