لاک ڈائون سے متاثرہ غریبوں کی امداد کا مطالبہ، خصوصی فنڈس کی اجرائی پر زور
حیدرآباد۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے اپنے گھر پر ایک دن کی بھوک ہڑتال کرتے ہوئے مرکز اور ریاستی حکومت سے لاک ڈائون سے متاثرہ غریبوں کی مدد کے لیے ہنگامی طور پر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ ڈاکٹر نارائنا نے صبح 10 تا شام 5 بجے تک دیکشا کا اہتمام کیا۔ انہوں نے مرکز اور تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام پولیس اسٹیشنوں، پنچایت اور مجالس مقامی کے دفاتر میں مفت غذاء کی تقسیم کے مراکز قائم کئے جائیں۔ اس کے علاوہ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے ضروری اشیاء تقسیم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کے نتیجہ میں غریبوں کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ حکومت کو اس جانب فوری توجہ دینی چاہئے۔ دونوں حکومتوں کو خصوصی فنڈس مختص کرتے ہوئے غذاء اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کرنے چاہئے۔ ڈاکٹر نارائنا نے اپنے ویڈیو خطاب میں موجودہ صورتحال پر تبصرہ کیا۔ سی پی آئی کے سکریٹری اور سابق جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے بھی حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کروائی ہے۔ سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری ڈی راجہ نے وزیراعظم کو مکتوب روانہ کیا۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ پولیس اسٹیشنوں میں مراکز کے قیام کی صورت میں صحیح انداز میں غذاء تقسیم ہوگی۔ حکومت کو سیاسی جماعتوں، غیر سرکاری اداروں اور رضاکارانہ تنظیموں کو اعتماد میں لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے گوداموں میں کئی لاکھ ٹن غذائی اسٹاک موجود ہے۔ اگر اس کا معمولی حصہ بھی جاری کیا جاتا ہے تو غریبوں کی مدد ہوگی۔ کیرالا ماڈل اختیار کرتے ہوئے حکومت کو اپوزیشن کے تعاون سے کام کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر نارائنا کی اہلیہ شریمتی واسومتی دیوی نے گلپوشی کرتے ہوئے دیکشا کا آغاز کیا۔