منگوڑ ضمنی انتخاب ، فرقہ پرستی کے خلاف جدوجہد پر تبادلہ خیال
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ سی پی ایم کے قائدین نے پرگتی بھون پہونچکر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی ۔ ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال ، اسمبلی حلقہ منگوڑ کے ضمنی انتخابات اور بی جے پی کی فرقہ پرستی کے خلاف متحدہ جدوجہد کرنے سے اتفاق کیا گیا ۔ تلنگانہ سی پی ایم کے سکریٹری ٹی ویرا بھدرم ، سابق رکن اسمبلی جے رنگاریڈی سی پی ایم قومی عاملہ کے رکن سی ستیاراملو نے ایک گھنٹہ تک چیف منسٹر سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر نے منگوڑ میں ٹی آر ایس کی تائید کرنے پر سی پی ایم کے قائدین سے اظہار تشکر کیا ۔ فرقہ پرستی کے مقابلے میں بھی ٹی آر ایس کی تائید کرنے کی خواہش کی گئی ۔ ہندوستان میں سیکولرازم کو مستحکم کرنے کے لیے سیکولر نظریات رکھنے والی ہم خیال جماعتوں کے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجانے کو وقت کا تقاضہ قرار دیا ۔ انہوں نے بی جے پی پر مذہبی جذبات بھڑکاتے ہوئے عوام کو تقسیم کرنے اور سیاسی فائدے اٹھانے کے منصوبے پر عمل کرنے کا الزام عائد کیا ۔ اس موقع پر قومی سیاسی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سی پی ایم کے قائدین نے فرقہ پرستی کے خلاف جنگ میں چیف منسٹر کے سی آر کا ساتھ دینے کا تیقن دیا ۔۔ ن