سی پی رادھا کرشنن کی نائب صدر جمہوریہ کی حیثیت سے حلف برداری

,

   

صدر جمہوریہ شریمتی دروپدی مرمو نے حلف دلایا ۔ تقریب میں وزیر اعظم مودی کی شرکت
نئی دہلی 12 ستمبر (یواین آئی) چندر پورم پونوسامی رادھا کرشنن نے آج ملک کے 15ویں نائب صدر کے طور پر حلف لیا۔صدر جمہوریہ شریمتی دروپدی مرمو نے راشٹرپتی بھون میں مسٹر رادھا کرشنن کو عہدہ کا حلف دلایا۔قبل ازیں، مسٹر رادھا کرشنن کے نائب صدر کے طور پر انتخاب سے متعلق الیکشن کمیشن کا سرٹیفکیٹ پڑھ کر سنایا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، سابق صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند، سابق نائب صدورجمہوریہ جگدیپ دھنکڑ ‘ وینکیا نائیڈو، جناب حامد انصاری، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امیت شاہ، مرکزی وزیر پرکاش نڈا، نتن گڈکری اور کئی دیگر وزراء و معززین موجود تھے ۔نائب صدر کا انتخاب 9 ستمبر کو مسٹر دھنکھڑ کے سے استعفیٰ کے بعد ہوا تھا۔ اس انتخاب میں برسر اقتدار این ڈی اے کے امیدوار رہے مسٹررادھا کرشنن کو منتخب قرار دیا گیا۔ انہوں نے اپوزیشن امیدوار مسٹر بی سدرشن ریڈی کو 152 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔مسٹر رادھا کرشنن اب تک مہاراشٹر کے گورنر تھے ۔ 4 مئی 1957 کو تروپور، ٹاملناڈو میں پیدا ہوئے ، مسٹر رادھا کرشنن بزنس ایڈمنسٹریشن میں گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے اپنی عوامی زندگی کا آغاز آر ایس ایس کے سوئم سیوک کے طور پر کیا اور اب وہ نائب صدر منتخب ہوئے ہیں۔