نئی دہلی 29 مئی (یواین آئی) چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان 30 مئی سے یکم جون تک سنگاپور کے دورے پر ہوں گے تاکہ انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک افیئرز کی جانب سے سالانہ منعقد ہونے والے شنگری لا ڈائیلاگ کے 22 ویں ایڈیشن میں شرکت کرسکیں۔جنرل انیل چوہان اپنے دورے کے دوران آسٹریلیا، یورپی یونین، فرانس، جرمنی، انڈونیشیا، جاپان، ہالینڈ، نیوزی لینڈ، فلپائن، سنگاپور، برطانیہ اور امریکہ سمیت کئی ممالک کی دفاعی افواج کے سربراہان اور اعلیٰ عسکری قیادت سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے ۔جنرل چوہان علمی دنیا، تھنک ٹینکس اور محققین کے ایک پروگرام میں مستقبل کی جنگ کے موضوع پر خطاب کریں گے ۔ اس کے ساتھ ساتھ جنرل چوہان پروگرام کے ایک حصے کے طور پر خصوصی سیشن میں بھی شرکت کریں گے اورمستقبل کے چیلنجز کے لیے دفاعی اختراع کے حل” کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے ۔