س19 سالہ اینڈریسکو کے خلاف سیرینا کا خواب چکنا چور

   

نیویارک ۔ 8 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نوجوان بیانکا اینڈریسکو نے غیر معمولی مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف کم عمر گرانڈ سلام چمپین ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا بلکہ گرانڈ سلام خطاب حاصل کرنے والی کینیڈا کی خاتون کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے ، جیسا کہ انہوں نے یہاں منعقدہ سیزن کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن میں سابق عالمی نمبر ایک اور خطاب کی مضبوط دعویدار سرینا ولیمس کو راست سیٹوں میں 6-3 ، 7-5 سے شکست دی اور سرینا ولیمس کے24 ویں خطاب کی امیدوں کو چکنا چور کردیا۔اینڈریسکو گرانڈ سلام خطاب حاصل کرنے والی نوجوان کھلاڑی ہونے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا ہے کیونکہ ان سے قبل 2004 یوایس اوپن میں سویتلانا کوزنیٹسوا نے خطاب حاصل کیا تھا جوکہ نوجوان چمپیئن ہونے کا اب تک کا ریکارڈ تھا۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے اینڈریسکو نے کہا ک اس کامیابی کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے کیونکہ میں نے اس لمحہ کیلئے انتہائی سخت محنت کی تھی ۔اینڈریسکو کی یہ کامیابی اس لئے بھی غیر معمولی ہے کیونکہ اس گرانڈ سلام خطاب کے حصول سے قبل اس نئی ابھرتی کھلاڑی نے اپنے گرانڈ سلام کرئیر میں صرف دومقابلوں میں ہی فتوحات حاصل کی تھی۔ عالمی درجہ بندی میں سرفہرست 10 کھلاڑیوں کے خلاف رواں سیریز فتوحات کے ریکارڈز کو بھی اینڈریسکو نے بہتر بنایا ہے جیسا کہ انہوں نے اس معاملے میں 8-0 کے ریکارڈز درج کرلئے ہیں جس کی وجہ سے پیر کو جاری ہونے والی تازہ ترین درجہ بندی میں وہ 5 ویں مقام پر پہنچے گی۔اینڈریسکو نے مزید کہا کہ رواں سال انکا خواب پورا ہوا ہے کیونکہ ایک جانب سرینا کے خلاف مقابلے کھیلا ہے تو دوسری جانب گرانڈ سلام خطاب بھی حاصل کرلیا ہے۔ اینڈریسکو نے مونیکا سلیس کا ریکارڈ برابر کیا ہے جیسا کے 1990 ء میں انہوں نے فرنچ اوپن خطاب اس وقت حاصل کیا تھا جب وہ چوتھی مرتبہ گرانڈ سلام میں شرکت کر رہی تھیں ، اب کینیڈا کی اس نوجوان کھلاڑی نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے ۔ دوسری جانب سرینا کو متواتر دوسری مرتبہ یو ایس اوپن کے فائنل میں شکست برداشت کرنی پڑی کیونکہ 2018 ء میں بھی انہیں غیر متوقع طور پر جاپان کی ناومی اوساکا کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی ۔ 37 سالہ سرینا نے کہا کہ حریف کھلاڑی اینڈریسکو میں ناقابل یقین مقابلہ کھیلا ہے اور ان کی شاندار کامیابی پر نہ صرف مجھے خوشی ہورہی ہے بلکہ میں فخر بھی محسوس کر رہی ہوں۔ 33 واں گرانڈ سلام فائنل کھیل رہی سرینا نے یہاں پہلے سیٹ میں اہم موقع پر ایک دوہری غلطی کی جس کا نوجوان کھلاڑی نے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقابلہ میں سبقت بنائی ۔ سرینا نے جس وقت 1999 ء میں یو ایس اوپن خطاب حاصل کیا تھا ، اس وقت آج کی چمپین اینڈریسکو پیدا بھی نہیں ہوئی تھیں۔ دوسرے سیٹ میں نوجوان کھلاڑی نے 2-0 کی سبقت حاصل کرنے کے علاوہ ایک موقع پر 5-1 پر مقابلہ میں کامیابی کے لئے سرویس کر رہی تھیں ، اس موقع پر سرینا نے نوجوان کھلاڑی کی سرویس توڑتے ہوئے اگلے 17 نشانات میں 14 نشانات حاصل کرتے ہوئے مقابلہ کو 5-5 سے برابر کردیا تھا اور ایسی امید کی جارہی تھی کہ شائد سرینا نے مقابلہ میں واپسی کرلی ہے لیکن اینڈریسکو نے 6-5 کے موقع پر اپنی سرویس برقرار رکھتے ہوئے سیٹ اور مقابلہ اپنے نام کرلیا ۔