س23سال بعد دنیائے کرکٹ کو نیا چمپئین ملے گا

   

لارڈز۔ 12جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہندوستان اور پھر آسٹریلیا کی شکست کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئی ہیں اور 23 سال بعد دنیائے کرکٹ کو ایک نیا عالمی چمپیئن ملے گا۔انگلینڈ میں جاری ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان اور میزبان ٹیم نے دفاعی چمپیئن آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی اور دونوں ٹیمیں 14 جولائی کو خطاب کے لئے لارڈزکے تاریخی میدان میں ٹکرائیں گی اوراس کے ساتھ ہی 23 سال بعد دنیائے کرکٹ کو نیا عالمی چمپیئن مل جائے گا کیونکہ گزشتہ دہوں کے دوران وہی ٹیمیں چمپیئن بنتی رہیں جو اس سے قبل بھی چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر چکی تھیں۔ اس سے قبل 1996 میں سری لنکا کی ٹیم نے چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا تو وہ آخری ٹیم تھی جو پہلی مرتبہ چمپیئن بنی تھی۔ اس کے بعد 1999 میں آسٹریلیائی ٹیم چمپیئن بنی تھی لیکن وہ 1987 میں پہلے بھی خطاب اپنے نام کر چکی تھی اور پھر آسٹریلیا نے 2003 اور2007 کا بھی ورلڈ کپ جیتا ہے۔2011 میں ہندوستانی ٹیم نے اپنی سرزمین پر مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تو دوسری مرتبہ ورلڈ چمپیئن بنی تھی، اس سے قبل 1983 میں کپل دیو کی زیر قیادت ہندوستان پہلی مرتبہ چمپیئن بنا تھا۔2015 ورلڈ کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہنچنے میں کامیاب رہی تھی لیکن آسٹریلیا نے اسے شکست دے کر پانچویں مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ تاہم 2019 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہندوستان اور آسٹریلیا دونوں کی شکست کے بعد اب انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئی ہیں لہٰذا اب دنیا ایک ایسی ٹیم کو عالمی چمپیئن بنتا ہوا دیکھی گی جس نے اس سے قبل کبھی بھی یہ اعزاز حاصل نہیں کیا ہے۔