کریم نگر۔/30جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈکیتی کا ایک ملزم جو 35 سال سے پولیس کی نظروں سے بچتے ہوئے گھوم رہا تھا ملک بھر میں تلاش کرتے ہوئے آخر کار اسے چہارشنبہ کو گرفتار کرلیا گیا اور عدالت میں پیش کردیا گیا۔ گینورم پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 1985 میں موجودہ گینورم منڈل گنڈ پلی میں ہوئی ایک ڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث مفرور نظام آباد ضلع بھیمگل کا متوطن ویموبھومیا گزشتہ 35 سال سے پولیس کے ساتھ آنکھ مچولی کھیل رہا تھا اور کئی ایک اضلاع میں کچھ نہ کچھ کام کرتے ہوئے زندگی بسر کررہا تھا حال ہی میں وہ آبائی گاؤں بھیمگل آنے کی اطلاع پولیس ملنے پر گیتورم پولیس کی ایک ٹیم کو بھیجا گیاجس نے بھومیا کو گرفتار کرلیا اور پولیس اسٹیشن منتقل کرکے پوچھ تاچھ کی گئی اور جمعرات کو کریم نگر عدالت میں پیش کیا گیا۔ایس آئی اے تروپتی نے واقف کروایا۔ اس مجرم کے خلاف 35 سال قبل ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا گیا تھا ۔ اچانک ملی ایک اطلاع پر اسے گرفتار کرلیا گیا۔ کانسٹبل کمریا، ہیمنت کے بشمول گیتورم ایس آئی تروپتی کی کریم نگر کمشنر کملاسن ریڈی نے ستائش کی اور انعام دینے کا اعلان کیا۔