محکمہ صحت کی وضاحت،گاندھی و دیگر ہاسپٹلس میں 1340 بستر خالی
حیدرآباد۔ سرکاری اور خانگی ہاسپٹلس میں کورونا مریضوں کیلئے بستروں کی کمی کی شکایت عام ہے لیکن محکمہ صحت نے 4 سرکاری ہاسپٹلس میں بستروں کی دستیابی کے اعداد و شمار جاری کئے جس کے تحت گاندھی، کنگ کوٹھی، چیسٹ ہاسپٹل اور فیور ہاسپٹل میں ابھی بھی 1340 بستر خالی ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان چاروں ہاسپٹلس میں بستروں کی جملہ گنجائش 2501 ہے جن میں سے284 مشتبہ مریض ہیں جبکہ 877 کورونا کے اِن پیشنٹ ہیں۔ دونوں زمروں میں 1161 بستر پُر کرلئے ہیں جبکہ 1340 بستر ابھی خالی ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل میں جملہ بستروں کی گنجائش 1890 ہے جن میں 20 مشتبہ اور 812 اِن پیشنٹ ہیں جبکہ 1058 بستر ابھی خالی ہیں۔ کنگ کوٹھی ہاسپٹل میں350 بستروں کے منجملہ 97 مشتبہ مریض اور 14 کورونا اِن پیشنٹ مریض ہیں۔ 111 بستر پُر ہیں اور 239 بستر خالی ہیں۔ چیسٹ ہاسپٹل میں 121 بستر ہیں جس میں 69 مشتبہ مریض اور 27 اِن پیشنٹ ہیں۔ جملہ 96 بستر پُر ہوئے اور 25 ابھی خالی ہیں۔ فیور ہاسپٹل کے 140 بستروں میں 98 مشتبہ مریض اور 24 اِن پیشنٹ کورونا مریض ہیں۔ 122 بستر پُر ہوئے ہیں جبکہ 18 بستر ابھی خالی ہیں۔