س5 سال کی قربانیوں کے بعد یہ کامیابی ملی : رانی ۔ منپریت

   

نئی دہلی : ہندوستانی مرد اور خاتون ہاکی ٹیموں کے کپتانوں منپریت سنگھ اور رانی رامپال نے اپنے ایک عوام کے لئے کھلے مکتوب میں کہا ہے کہ ٹوکیو اولمپک 2020 میں ٹیموں نے جو تاریخی کامیابی حاصل کی ہے وہ دراصل 5 برس کی سخت محنت اور بہت سی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ جس کے بعد ساری دنیا سے ہمیں پذیرائی اور محبت مل رہی ہے۔ اس مکتوب کے ذریعہ انھوں نے ٹوکیو اولمپکس میں ٹیم کو حاصل ہونے والی تاریخی کامیابی کے درپردہ کی جانے والی سخت محنت اور قربانیوں کا تذکرہ کیا ہے۔ دونوں کپتانوں نے کہا ہے کہ ایک یادگار کامیابی کے بعد جب ہم وطن واپس ہوئے تو ہمارا شاندار استقبال کیا گیا اور ہم کامیابی کے ساتھ اپنے گھروں کو واپس ہوئے ہیں۔ ہندوستانی مردوں کی ٹیم نے ٹوکیو اولمپکس میں برونز میڈل حاصل کیا اور 41 برس بعد اولمپکس کا میڈل حاصل کیا۔ جبکہ خاتون ٹیم تیسرے مقام کا میڈل حاصل کرنے سے ایک قدم پیچھے رہ گئی کیوں کہ اسے برونز میڈل کے مقابلے میں برطانیہ کیخلاف 3-4 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔