س55سال کی عمر سے زیادہ پولیس ملازمین کو فیلڈ ڈیوٹی سے استثنیٰ : ڈی جی پی

   

حیدرآباد ۔ /5 اپریل (سیاست نیوز) کورونا وائرس وباء اور لاک ڈاؤن کے درمیان ڈیوٹی انجام دینے والے 55 سال کی عمر سے زیادہ پولیس عہدیداروں کیلئے ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہندر ریڈی نے فیلڈ ڈیوٹی استثنیٰ دینے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی جی پی کے دفتر سے دو دن قبل احکامات جاری ہوئے ہیں جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ Covid-19 کے دوران سینکڑوں پولیس ملازمین کو ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے لیکن ایسے پولیس عہدیدار جنہیں دمہ ، نمونیا ، ذیابطیس ، بلڈپریشر اور تنفس کی شکایت ہونے اور ان کی عمر 55 سال سے زائد ہونے پر انہیں فیلڈ ڈیوٹی (سڑکوں پر) ڈیوٹی انجام دینے سے استثنیٰ دینے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی جی پی نے اپنے احکام میں یہ کہا ہے کہ معمر پولیس عہدیداروں کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا اندیشہ زیادہ ہے جس کے نتیجہ میں انہیں پولیس اسٹیشن یا غیر اہم جگہوں پر ڈیوٹی پر تعینات کریں ۔ ڈی جی پی کے دفتر سے جاری کئے گئے احکامات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریاستی پولیس کے تمام یونٹ آفیسرس اپنے ماتحتین کا جائزہ لیں اور مذکورہ امراض یا معمر افراد ہونے پر انہیں فیلڈ ڈیوٹی سے فوری استثنیٰ دیں ۔