تمام اہل افراد 31 اگست تک می سیوا اور ای سیوا مراکز میں درخواستیں داخل کریں
حیدرآباد ۔ 14 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ایک اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے 57 سال مکمل کرنے والوں کو آسرا پنشن ادا کرنے کیلئے 31 اگست تک درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مستحق افراد کو اپنے قریبی می سیوا اور ای سیوا مراکز سے درخواستیں داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سال 2018ء کے عام انتخابات سے قبل چیف منسٹر کے سی آر نے آسرا پنشن کی عمر 65 سال سے گھٹا کر 57 سال کرنے کا وعدہ کیا تھا اور انتخابی وعدے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے حکام کی جانب سے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ اس سلسلہ میں جی او بھی جاری کردیا گیا ہے اور 57 سال مکمل کرنے والوں کو آسرا پنشن فراہم کرنے کیلئے تازہ احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔ 57 سال عمر مکمل کرنے والے تمام اہل افراد سے 31 اگست تک درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ درخواست گذار کو چاہئے کہ وہ درخواست کے ساتھ اپنی ایک تصویر اور آدھار کارڈ کی زیراکس لازمی طور پر درخواست کے ساتھ منسلک کریں۔ درخواست داخل کرنے والوں سے حکومت نے سرویس فیس وصول نہ کرنے کی ہدایت دی ہے اور دیہی غربت کا خاتمہ ادارہ (SERP) کی جانب سے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے۔ معمرین، معذورین، تنہا خواتین، بڑی ورکرس، تاڑی تاسندے، ایڈس کے متاثرین کو ماہانہ 2116 اور معذورین کو ماہانہ 3116 روپئے کا حکومت کی جانب سے آسرا پنشن فراہم کیا جارہا ہے۔ حکومت کے اس فیصلے سے مزید لاکھوں افراد کو آسرا پنشن حاصل ہوگا۔ درخواست داخل کرنے والوں کی دیہی علاقوں میں سالانہ آمدنی 1.5 لاکھ اور شہری علاقوں میں 2 لاکھ سے کم ہونی چاہئے۔ زیادہ آمدنی حاصل ہونے کی تجارت کرنے والے اس پنشن کیلئے اہل نہیں رہیں گے۔ ووٹر شناختی کارڈ کی عمر کو اہمیت دی جائیں گی۔ راشن کارڈ ہولڈرس ہی اس پنشن کے حقدار ہوں گے۔ اس کے علاوہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور مجاہدین آزادی اس پنشن کیلئے اہل نہیں ہوں گے۔