حیدرآباد ۔ 18 نومبر ( سیاست نیوز) کمسن لڑکے کے اغوا معاملہ کو رچہ کنڈہ پولیس نے اندرون چار گھنٹے حل کرتے ہوئے مغوریہ لڑکے کو برآمد کرلیا اور اغوا کنندہ کو گرفتار بھی کرلیا ۔ پولیس رچہ کنڈہ نے بتایا کہ ایک 7سالہ لڑکے کا اغوا کرلیا گیاتھا اور اغوا کاروں نے تین لاکھ روپئے تاوان کا مطالبہ کیا تھا ۔ میر پیٹ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک نابالغ کو گرفتار کرلیا ہے جس نے اس کمسن ارجن کا اغوا کیا تھا ۔ لڑکا کل شام مکان کے قریب ایک سوئمنگ پول کے قریب کھیل میں مصروف تھا کہ دسویں جماعت میں زیر تعلیم لڑکے نے اغوا کیا اور الیاس گوڑہ علاقہ میں مغوریہ لڑکے کو رکھا ۔ مغویہ لڑکے کے والد کو فون پر بیٹے کے اغوا کی اطلاع دی اور تین لاکھ روپئے تاوان کا مطالبہ کیا ۔ فون پر سافٹ ویر ملازم راجو نے آواز بدل کر بات کی اور فوری رقم کا انتظام کرنے کا مشورہ دیا اور بیٹے کی سلامتی پر اس شخص کو یہ لڑکا دھمکا رہا تھا ۔ والد کی شکایت پر پولیس حرکت میں آگئی اور اس نابالغ لڑکے کو دبوچ لیا اور ارجن کو رہا کروایا ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت نے ایک پریس کانفرنس میں ارجن کو اس کے والد کے حوالے کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ نوجوان سابق میں بھی مجرمانہ وارداتیں انجام دے چکا ہے ۔ پولیس نے اس نابالغ کو فی الحال جوینائیل ہوم منتقل کردیا ہے اس کے خلاف کیر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کا ارادہ کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔