شائقین سے خالی میدان میں آسٹریلیا کی کامیابی

   

سڈنی ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کوروناوائرس کی وجہ سے نیوزی لینڈ اور میزبان آسٹریلیا کے درمیان ونڈے سیریز کا پہلا مقابلہ یہاں شائقین سے خالی سڈنی کرکٹ گراونڈ میں کھیلا گیا جہاں آسٹریلیا نے 71 رنز کی کامیابی حاصل کی۔ کامیابی کیلئے 259 رنز کے تعاقب میں بہتر شروعات کے باوجود نیوزی لینڈ کی ٹیم 41 اوورس میں 187 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ مقابلہ میں بہتری کھلاڑی کا اعزاز پانے والے مچل مارش نے 7 اوورس میں 29 رنز اور پیاٹ کمنس نے 8 اوورس میں 25 رنز کے عوض فی کس 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے 37 رنز اور ایڈم زمپا نے 50 رنز کے عوض فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو مطلوبہ نشانہ حاصل کرنے سے دور رکھا۔ نیوزی لینڈ کیلئے اوپنر مارٹن گپٹل نے 73 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رنز اسکور کئے۔ دیگر بیٹسمینوں میں ٹام لیتھم نے 40 گیندوں میں 38 اور گرانڈ ہوم نے 26 گیندوں میں 25 رنز اسکور کئے۔ آسٹریلیائی بولروں نے وقفہ وقفہ سے وکٹیں حاصل کرتے ہوئے حریف ٹیم کو کسی بھی لمحہ کامیابی کی سمت گامزن ہونے نہیں دیا حالانکہ اس مقابلہ سے قبل آسٹریلیائی ٹیم کو دورہ جنوبی افریقہ پر تین مقابلوں کی ونڈے سیریز میں 3-0 کی شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی تھی وہیں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کی تین مقابلوں میں میزبانی کرتے ہوئے 3-0 کی کامیابی حاصل کی تھی۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ٹیم کے دونوں اوپنرس ڈیوڈ وارنر اور کپتان آرون فنچ نے نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے پہلی وکٹ کیلئے 24.1 اوورس میں 124 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی۔ وارنر نے 9 چوکوں کی مدد سے 67 اور فنچ نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 60 رنز اسکور کئے ۔ اس کے علاوہ لبوشین نے 52 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 56 رنز اسکور کئے۔ نیوزی لینڈ کیلئے ایش سودھی کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 8 اوورس میں 51 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دیگر بولروں میں سنٹنر اور فیرگوسن نے فی کس دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔