شادنگرسرکاری ہاسپٹل کی ابترحالت پراظہار تشویش

   

صدر تلنگانہ جاگروتی کویتا کادورہ ‘سہولتوں کی فراہمی کا حکومت سے مطالبہ ‘مریضوں سے ملاقات
شادنگر 21 ؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ جاگرتی کی لیڈر اور ایم ایل سی کویتا نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلوں میں سب سے زیادہ غریب عوام آتے ہیں، لہٰذا ان کی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ بہتر طبی سہولیات فراہم کرکے اس علاقے کے عوام کو صحت مند رکھنا بہت ضروری ہے۔ جمعرات کو کویتا نے ضلع رنگاریڈی کے شادنگر ٹاؤن کے سرکاری کمیونٹی ہاسپٹل کا دورہ کیا۔ تلنگانہ جاگرتی کے ’’جنم باٹا‘‘ پروگرام کے حصہ کے طور پر کویتا نے ہاسپٹل کا معائنہ کیا، ڈاکٹرز، عملے اور مریضوں سے بات چیت کی اور کئی مسائل سے آگاہ ہوئیں۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ ہاسپٹل میں طبی خدمات کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مریضوں کا دباو بہت زیادہ ہے اور سرکاری ہاسپٹلوں میں صرف غریب لوگ آتے ہیں ، ایسے لوگوں کو معیاری علاج فراہم کرنے کے لیے مکمل سہولیات لازمی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شادنگر سرکاری ہاسپٹل کی عمارت بوسیدہ ہوچکی ہے ، کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے، اس لیے فوراً طبی خدمات کو نئے سو بستروں والے ہاسپٹل کی عمارت میں منتقل کیا جائے۔ کویتا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی بڑی تعداد کے باوجود سرکاری ہاسپٹل کو ترقیاتی فنڈز نہیں مل رہے، کویتا نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ہاسپٹل میں 120 زچگیاں ہوئیں جبکہ گائنی ڈاکٹرز کی شدید کمی ہے۔ چھ ڈاکٹرز کی جگہ صرف ایک ہی موجود ہے۔ 28 افراد کے عملے میں صرف 12 ہی کام کر رہے ہیں، لہٰذا عملے کی تعداد بڑھانا بے حد ضروری ہے۔ کویتا نے بتایا کہ شادنگر حلقہ میں ’’جنم باٹا‘‘ پروگرام مسلسل جاری ہے۔ اس سے پہلے وہ شیری لنگم پلی، چیوڑلہ اور راجندر نگر حلقوں کا دورہ کر چکی ہیں، اور اب شادنگر میں عوامی مسائل کا جائزہ لے رہی ہیں۔ لکشمی دیوی پلی پروجیکٹ کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ وہاں کوئی کام شروع نہیں ہوا، اسی وجہ سے وہ اس مقام کا دورہ نہیں کر سکیں۔ جلد ہی تفصیلات حاصل کرکے اس معاملے پر میڈیا سے بات کریں گی۔ کویتا کے ساتھ مقامی قائدین پانڈو رنگا ریڈی، سیما رمیش، مصطفیٰ اور دیگر موجود تھے۔