چندپولنگ مراکزپرمعمولی بحث و تکرا رکے واقعات‘ جزوی طورپر پرامن رائے دہی
شادنگر 11 ؍ فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شادنگر میونسپل انتخابات میں عوام سے پْرامن طریقہ سے ووٹ ڈالنے اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی اپیل فیوچر سٹی پولیس کمشنر جی سدھیر بابو نے کی۔ چہارشنبہ کے روز رنگا ریڈی ضلع کے شادنگر شہر کے پہلے وارڈ میں واقع میونسپل پولنگ اسٹیشن کا کمشنر سدھیر بابو نے معائنہ کیا۔ مقامی ڈی سی پی سی ایچ شریشا نے بھی پہلے وارڈ کے پولنگ مرکز کا دورہ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کمشنر سدھیر بابو نے کہا کہ امریکہ جیسے ترقی یافتہ ممالک میں بھی ہر کسی کو ووٹ کا حق حاصل نہیں ہوتا، لیکن بھارت میں آئین کی جانب سے دیا گیا قیمتی ووٹ کا حق ہمیں 18 سال کی عمر سے حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس طاقتور حق رائے دہی کو کسی بھی قسم کے لالچ یا ترغیب کے بغیر استعمال کریں۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے دوران رقم، شراب اور دیگر لالچ دینے کے واقعات پر فیوچر سٹی کمشنریٹ کے دائرہ کار میں روزانہ کی بنیاد پر مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات پْرامن ماحول میں جاری ہیں اور عوام کو پولیس محکمہ سے تعاون کرنا چاہیے ، اور ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انتخابی عمل کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ کمشنر نے واضح کیا کہ انتخابی نتائج کے بعد فتح کے جلوسوں کے نام پر عوام کو پریشان نہ کیا جائے۔ ڈی سی پی دفتر کے قیام کے لیے زمین کے معائنہ سے متعلق صحافیوں کے سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ اس حوالے سے جائزہ لیا گیا ہے۔ سابقہ متحدہ محبوب نگر ضلع میں ایس پی کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے دوران جن صحافیوں کے ساتھ انہوں نے کام کیا تھا، ان سے کمشنر جی سدھیر بابو نے کچھ دیرخوشگوار گفتگو کی۔ انہوں نے سینئر صحافیوں سے خوش دلی سے بات چیت کی۔ سدھیر بابو نے کہا کہ محبوب نگر کی عوام بہت اچھی ہے ، یہ علاقہ کافی ترقی یافتہ ہے اور یہاں کے لوگ نہایت دوستانہ اور مل جل کر رہنے والے ہیں ، جو انہیں بہت پسند آیا۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ بدل گیا مگر لوگ نہیں بدلے۔ اس موقع پر کئی صحافیوں نے کمشنر کے ساتھ تصاویر بھی کھنچوائیں۔ تمام پولنگ مراکز پر اور اس کی جانب سے بھاری بندوبست کیا گیا تھا۔ پولیس کے اعلی حکام راست نگرانی رکھے ہوئے تھے۔ اس موقع پر کمشنر کے ہمراہ ڈی سی پی سی ایچ شریشا ، ٹاؤن سی آئی وجے کمار، کتور سی آئی نرسیا، ٹریفک سی آئی چندر شیکھر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔