شادیوں میں اسلامی طور طریقوں کو اپنانے پر زور

   

سیاست اور ملت فنڈ سے رشتوں کا دو بہ دو پروگرام، مختلف شخصیتوں کا خطاب

حیدرآباد ۔ یکم فروری (سیاست نیوز) سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام رشتوں کا دو بہ دو پروگرام ریڈ روز فنکشن ہال، روبرو حج ہاؤز (نامپلی) میں منعقد ہوا جس میں دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ مضافاتی علاقوں سے والدین نے شرکت کی۔ پروگرام میں والدین بہ نفس نفیس لڑکا اور لڑکی کے بائیو ڈاٹا اور فوٹوز کی مدد سے ملاقات اور بات کرتے ہوئے رشتے طے کرنے میں پہل کی۔ انجینئرنگ کاؤنٹر ہو یا دوسرے تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے کاؤنٹرس ہر پہونچ کر والدین تعارف حاصل کرتے ہوئے بات چیت کی۔ انجینئرنگ کاؤنٹر میں حیدرآباد، ریاست تلنگانہ اور ملک کے اہم مقامات پر کمپنیوں میں کام کرنے والے لڑکے اور بیرونی ممالک کی بڑی کمپنیوں میں کام کرنے والے لڑکوں کا تعارف کیا گیا۔ ڈاکٹر ناظم علی نے والدین و سرپرستوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج مغربی و دوسری تہذیبوں کی اندھی تقلید و پیروی کرنے کی وجہ مسلم معاشرے کا خاندانی نظام تعطل کا شکار ہورہا ہے۔ اس دلدل سے نکل کر انھیں ایک نئی راہ دینے کی شدید ضرورت ہے۔ شادیوں میں اسلامی اقدار و طریق طریق کو اپنانے کی شدید ضرورت ہے۔ انھوں نے کہاکہ نکاح جو مقدس عمل ہے جس میں ہر دونوں کو برکتیں حاصل ہوا کرتی ہیں اس کے برعکس آج غیر اسلامی طریقوں کو اپناکر والدین کو نئی نسل پریشانیوں میں مبتلا کررہی ہے۔ جناب شاہد حسین نے سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام 148 ویں دو بہ دو ملاقات پر کہاکہ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست، جناب ظہیرالدین علی خاں کے صاحبزادگان جناب اصغر علی خاں اور جناب فخر علی خاں نے اس ذمہ داری کو نبھارہے ہیں جس کے ذریعہ ملت کا ایک اہم مسئلہ حل ہورہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ والدین رشتہ ڈھونڈنے میں خوبصورتی، قد اور تعلیمی قابلیت کو ترجیح نہ دیں بلکہ دینداری اور خاندان، سادگی کو دیکھیں۔ جناب صالح بن عبداللہ باحازق نے کہاکہ سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام پروگرام رکھا گیا ہے اس کو والدین اہمیت دیں اور اس سے فائدہ اُٹھائیں اور کوشش کریں کہ شادی سادگی سے انجام پائے۔ انھوں نے کہاکہ ریاکاری اور دکھاوے کے بجائے اگر رب نے استطاعت دی ہے تو والدین کو چاہئے کہ اپنے لڑکا اور لڑکی کی شادی کے موقع پر ایک غریب لڑکی کی شادی کا بھی نظم کیا جائے۔ اس پروگرام میں تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے کاؤنٹرس ایس ایس سی، انٹرمیڈیٹ، ایم بی بی ایس، بی فارمیسی، ڈی فارمیسی، لیاب ٹکنیشین، بی اے، بی ایس سی، بی کام، بی کام، ایم اے، ایم ایس سی، ایم بی اے کے علاوہ دوسرے زمروں کے کاؤنٹرس پر والدین نے پہونچ کر بائیو ڈاٹاس کا مشاہدہ کیا۔ اس کے ساتھ عقدثانی اور معذورین کے لئے بھی کاؤنٹر رکھا گیا۔ والدین نے پروگرام میں آن لائن رجسٹریشن سے استفادہ کیا۔ یہ پروگرام اندرون تلنگانہ اور بیرون ریاستوں اور بیرونی ممالک میں موجود ناظرین کے لئے یو ٹیوب، فیس بُک اور سیاست ٹی وی کے ذریعہ اس پروگرام کی تشہیر کی گئی۔ پروگرام میں کاؤنٹرس پر مسرس رئیس النساء، لطیف النساء، شعیب، عمران، سہیل، سلمان، سمیر، احمد، لطیف النساء، ڈاکٹر جبین، لطیف النساء اسد، غوثیہ، امۃ الآمنہ، مریم فاطمہ، سمیرہ، تسکین، افسر خان، انم، ثانیہ، محمد احمد، شاہد حسین، صالح بن عبداللہ باحازق موجود تھے جنھوں نے والدین کی رہبری کی جبکہ سوپر وائزنگ کی حیثیت سے محمد اسلم حسین سیاست ٹی وی، نظام الدین لئیق اور جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈی نیٹر پروگرام والدین اور سرپرستوں کا تعاون کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ ڈاکٹر ناظم علی کی قرأت سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ جناب صالح بن عبداللہ باحازق نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔