بیجا رسومات سے بچنے کا مشورہ ، سیاست اور ملت فنڈ کا دوبدو پروگرام ، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد۔ 26 اکٹوبر (سیاست نیوز) سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کو آسان اور اسلامی طریقے سے انجام دینے کے ضمن میں 145 واں دوبدو ملاقات پروگرام رائیل ریجنسی آصف نگر میں منعقد ہوا جس میں والدین اور سرپرستوں کی کثیر تعداد نے ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر محمد ناظم علی نے والدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب سے اس پروگرام کا آغاز ہوا، اس وقت سے لے کر آج تک یہ پروگرام آپسی ملاقات کا ذریعہ بنا ہوا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعہ بیجا رسومات، اسراف اور باپ دادا کی اندھی تقلید اور دیگر خودساختہ رسومات و روایات کو ختم کرنے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور مرحوم جناب ظہیرالدین علی خاں اور نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں اور اب جناب ظہیرالدین علی خان کے فرزند جناب اصغر علی خان کی نگرانی میں یہ پروگرام جاری ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اسلامی اصولوں پر شادی کی انجام دہی کی فکر کریں تاکہ دونوں خاندان آگے چل کر خوشگوار زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے سیاست کی یہ مہم کو شادیوں میں ایک کھانا اور ایک میٹھا کو اپنانے پر زور دیا جس کے نتیجہ میں شادی بہت ہی سادگی ہوگی اور دوسری جانب اخراجات میں بھی کمی ہوگی۔ جناب حیات حسین حبیب نے کہا کہ جناب زاہد علی خاں، جناب عامر علی خاں اور جناب اصغر علی خاں کی یہ کوشش ہے کہ اس پروگرام کو وسعت دیتے ہوئے اس کے ذریعہ والدین کو آسانیاں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ شادیوں کو آسان سے آسان تر بنانے کی کوشش کریں۔ پروگرام میں شہ نشین پر ڈاکٹر محمد ناظم علی، حیات حسین حبیب، صالح بن عبداللہ باحازق، غلام محی الدین فاروق، محمد احمد اور دیگر موجود تھے۔ سیدہ محمدی کی نعت شریف سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ جناب صالح بن عبداللہ باحازق نے پروگرام کی کارروائی چلائی اور پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ جناب زاہد علی خان اور جناب عامر علی خان اور جناب اصغر علی خان کی نگرانی میں چلنے والا یہ پروگرام شہر حیدرآباد میں اپنی نوعیت کا واحد پروگرام ہے جس نے ملک ہی نہیں بیرون ملک میں بھی اپنے اثرات چھوڑے۔ پروگرام میں تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے کاؤنٹرس ترتیب دیئے گئے تھے۔ پروگرام میں آن لائن رجسٹریشن کی سہولت رکھی گئی تھی۔ دونوں شہروں اور تلنگانہ کے اضلاع کے علاوہ دیگر ریاستوں اور بیرونی ممالک امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، آفریقہ، سعودی عرب، قطر، ابوظہبی کے ساتھ دیگر ممالک میں مقیم حیدرآبادیوں کیلئے پروگرام کا آغاز سے لے کر اس کے اختتام تک نشر کی سہولت راست یوٹیوب پر مہیا کی گئی۔ انجینئرنگ کاؤنٹر پر لڑکوں کے بائیو ڈاٹا کے ذریعہ تعارف کرایا گیا جہاں پر حیدرآباد ہائی ٹیک سٹی میں موجود بڑی کمپنیوں کے علاوہ ملک اور بیرون ملک امریکہ ، کینیڈا، ابوظہبی، عرب امارات ، شارجہ، قطر اور دوسرے ممالک میں مقیم لڑکوں کے والدین نے اپنا اپنا بائیو ڈاٹا کے ذریعہ ایک دوسرے کا تعارف پیش کیا۔ آج کے اس پروگرام میں والدین نے جناب اصغر علی خان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کی سہولت کیلئے اس پلیٹ فارم پر مبارکباد پیش کی۔ اس پروگرام میں حصہ لینے والوں میں جناب خالد محی الدین اسد، فوٹوگرافر نظام الدین لئیق، سیاست ڈاٹ کام کے اسلم حسین کے علاوہ محمد عمران خان، رضوان، محمد عثمان، محمد عامر، شیخ احمد، خواتین و طالبات والینٹرس نے والدین اور سرپرستوں کی رہنمائی کی۔ 5 بجے شام دوبدو پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔ جناب صالح بن عبداللہ باحازق نے تمام کا شکریہ ادا کیا۔