شادی بیاہ کے اچھے دن …دو دن باقی

   

حیدرآباد۔/20 فروری، ( سیاست نیوز) کسی بھی کام کے آغاز کیلئے اچھے مہورت کی تلاش کی جاتی ہے اور مہورت کی تاریخ حاصل کرنے کیلئے علم نجوم کے ماہرین سے رجوع ہوتے ہیں۔ شادی بیاہ ہو یا پھر نئے گھر میں داخلہ لوگوں کو اچھے دن اور وقت کا انتظار ہوتا ہے۔ تجارت کے آغاز اور دکانات کے افتتاح کیلئے بھی مہورت تلاش کیا جاتا ہے۔ ان دنوں ہندو دھرم کی روایات کے اعتبار سے اچھے دنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ماہرین کے مطابق اچھے دنوں کے لئے صرف دو دن باقی ہیں۔ اچھے دن میں اچھے کام کی اُمید کے ساتھ ان دنوں شادی بیاہ اور دیگر تقاریب کا اہتمام عروج پر ہے۔ حیدرآباد اور اضلاع میں تقاریب کا سلسلہ جاری ہے اور فنکشن ہالس میں صبح اور شام دو علحدہ پروگراموں کی بکنگ کی جارہی ہے۔ حیدرآباد میں آئندہ دو دنوں تک غیر مسلم حضرات کی شادیاں اور دیگر تقاریب عروج پر رہیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 فروری کو اچھے دن گذر جائیں گے جس کے بعد کسی بھی نئے کام یا خوشی کے کام کیلئے تقریباً دو ماہ تک انتظار کرنا پڑے گا۔ کھمم سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کورونا وباء کے دوران جو کام شروع نہیں کئے جاسکے وہ اب شروع ہوئے اور کئی نئی دکانات کا افتتاح عمل میں آیا۔ شادی بیاہ کی تقاریب سے فنکشن ہالس پُر ہیں۔ اچھے اور منحوس دنوں پر اعتقاد رکھنے والوں کیلئے مہورت کی تلاش ہوتی ہے لیکن وہ غریب کیا کرے گا جو روز کماکر اپنے خاندان کی پرورش کرتا ہے۔ ان کیلئے تو ہر دن اچھا دن ہی ہوگا۔ر