شادی سے انکار پر خاتون کی کردار کشی

   

فیس بک پرفحش ویڈیوز، 3 افراد گرفتار، رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) شادی سے انکار پر خاتون کو بدنام کرنے اور اس کے کردار کو متاثر کرنے والے شخص اور اس کے ساتھیوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ رچہ کنڈہ سائبر کرائم پولیس نے ایک خاتون کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے تین افراد اصل سرغنہ19 سالہ راکیش اور اس کے دو ساتھیوں 23 سالہ مہیش اور 21 سالہ غوث کو گرفتار کرلیا جن کا تعلق انکوشا پور گھٹکیسر سے بتایا گیا ہے۔ اور شکایت گذار خاتون بھی اسی علاقہ سے تعلق رکھتی ہے۔ خاتون کی شکایت کے بعد ان بد قماشوں کا بھانڈا پھوٹا جنہیں پولیس نے منظر عام پر لایا۔ شکایت گذار خاتون کے فیس بک پر گرفتار افراد عریاں تصاویر اور ویڈیوز کو پوسٹ کررہے تھے ۔ انٹر نیٹ سے فحش اور قابل اعتراض مواد کو حاصل کرتے ہوئے خاتون کے فیس بک پر پوسٹ کیا جارہا تھا۔ پولیس سائبر کرائم کے مطابق راکیش نے خاتون کا فیس بک یوزر آئی ڈی کے ساتھ ساتھ اس کا پاس ورڈ بھی حاصل کرلیا تھا۔ جب ان دونوں میں اچھے تعلقات تھے اس دوران راکیش نے شکایت گذار خاتون کو شادی کی پیشکش کی تھی لیکن لڑکی نے اس کی پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا اور اس کے رشتہ کو مسترد کردیا تھا۔ اس بات پر برہم راکیش نے خاتون سے بدلہ لینے کی ٹھان لی اور اپنے ساتھیوں کو اس سازش میں شامل کرلیا۔ لڑکی کے فیس بک پر عریاں تصاویر اور ویڈیوز کو پیش کرتے ہوئے اس مواد کے آگے لڑکی کے والدین اور لڑکی کا فون نمبر دیا گیا تھا۔ جب لڑکی کو قابل اعتراض انداز کے فون کال حاصل ہونے لگے تو لڑکی نے فوراً پولیس میں شکایت کردی۔ پولیس نے ان تینوں کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا۔