شادی سے عین قبل دلہن نے ووٹ ڈالا

   

محبوب آباد میں فردوس بیگم کے جذبہ کی ستائش
حیدرآباد۔ گریجویٹ ایم ایل سی الیکشن کی رائے دہی میں ایک دلہن نے حق رائے دہی سے استفادہ کرتے ہوئے ووٹ کے استعمال کے بارے میں شعور بیداری کا مظاہرہ کیا ہے۔ نکاح سے عین قبل دلہن نے محبوب آباد ضلع کے ملکا پور گاؤں میں حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ فردوس بیگم کی شادی صبح 10 بجے شہر کے ایک فنکشن ہال میں مقرر تھی۔ صبح 8:30 بجے فردوس بیگم کوئلہ کنڈہ منڈل میں واقع پولنگ اسٹیشن پہنچ کر ووٹ کا استعمال کیا اور وہاں سے سیدھے شادی کیلئے فنکشن ہال روانہ ہوگئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نئی دلہن کے اس جذبہ کو دیکھتے ہوئے نہ صرف مقامی عوام بلکہ پولنگ عہدیدار بھی کافی متاثر ہوئے اور سراہنا کی۔ اتوار اور شادیوں کے سیزن کے سبب کئی علاقوں میں رائے دہی کا فیصد کم دیکھا گیا۔