غریبوں کی راحت کیلئے ظہیرآباد کے منتخب نمائندوں سے توجہ دینے کی اپیل
کوہیر ۔ 14 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد عقیل احمد نائب صدر بی آر ایس پارٹی کوہیر منڈل نے اپنے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ سابق بی آر ایس حکومت میں غریب مستحقین کے لئے سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے شادی مبارک اور کلیان لکشمی کے چیکس منظور کرکے تقریباً ایک سال سے زائد کا عرصہ ہوگیا ہے۔ آج مستحقین میں چیکوں کی تقسیم نہ ہونے کی وجہ سے غریب خاندانوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غریب ماں باپ کئی مقامات پر اس امید سے قرض لے کر شادی کئے ہیں ایسے لوگوں قرض واپس کرنے میں دشواریاں پیدا ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کوہیر منڈل کے استفادہ کنندگان میں فوری مذکورہ چیکوں کی تقسیم عمل میں لائیں۔ انہوں نے سنگاریڈی کے وزیر دامودھر راج نرسمہا اور رکن اسمبلی ظہیر آباد کے مانک راؤ اور سریش کمار شٹکار رکن پارلیمنٹ سے خواہش کی ہے کہ اس معاملے میں توجہ دیتے ہوئے غریب ماں باپ کو چیکس تقسیم کرتے ہوئے راحت پہنچائیں۔ اطلاعات کے مطابق حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں 900 سے زائد چیکس ہیں اور کوہیر منڈل کے 142 چیکس تقسیم کے لئے انتظار میں ہیں۔ اگرچہ اعلیٰ عہدوں پر بیٹھے لوگوں کے پاس وقت نہیں ہے تو متعلقہ عہدیداروں کو چیکوں کی تقسیم کی ہدایت دیں۔