مجالس مقامی کے انتخابات میں قابل امیدواروں کو منتخب کرنے سابق وزیر سدرشن ریڈی کی اپیل
بودھن۔/18 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شادی مبارک اسکیم کے امدادی چیکس کی تقسیم کیلئے بودھن کے ٹی ٹی ڈی کلیانہ منڈپم میں منعقدہ خواتین کے اجلاس سے سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی بودھن سدرشن ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا 20 سال قبل کانگریس دور حکومت میں غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے فی کس 25 ہزار روپئے شادی مبارک اسکیم کے تحت امداد کی اجرائی عمل میں لائی جاتی تھی بعد ازاں اس امداد میں دھیرے دھیرے اضافہ کرتے ہوئے ایک لاکھ سولہ ہزار تک بڑھا دیا گیا۔ شادی مبارک اسکیم کے آغاز کا سہرا کانگریس پارٹی کے سر پر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع نظام آباد کے سرکاری مدارس میں طلبہ کو بنیادی سہولتیں اور اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر و درستگی کیلئے 10 کروڑ روپئے رقم کی اجرائی عمل میں لائی گئی۔ سدرشن ریڈی نے سابق نظام شوگر فیکٹری کے احیاء کیلئے حکومت کی جانب سے جاری کوششوں سے واقف کرایا۔ سدرشن ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجوزہ مجالس مقامی کے انتخابات کے دوران عوام کو چاہیئے کہ قابل امیدوار کا انتخاب کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عین انتخابات کے وقت بعض فرقہ پرست جماعتوں کے امیدوار ذات اور طبقات میں رائے ہندوں کو تقسیم کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے سیکولر جماعتوں کے قابل امیدواروں کو منتخب کرنے کی عوام سے اپیل کی۔ قبل ازیں طاہر بن حمدان چیرمین اردو اکیڈیمی، ٹی پدما چیرپرسن بلدیہ بودھن نے بھی مخاطب کیا۔ اس اجلاس میں تحصیلدار بودھن وٹھل، اسسٹنٹ کمشنر پولیس بودھن سرینواس، کمشنر بلدیہ وینکٹ نارائنا ،ارکان بلدیہ، مسلم خواتین کی کثیر تعداد بھی شریک تھی۔