شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم سے 9 لاکھ سے زائد غریبوں کو فائدہ

   

7720 کروڑ کی اجرائی، امدادی رقم میں اضافہ کی تجویز
چیف منسٹر سے رجوع کرنے وزیر سیول سپلائیز کا تیقن
حیدرآباد۔7 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز جی کملاکر نے بتایا کہ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کے تحت تاحال 931316 افراد کو مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر نے بتایا کہ بی سی ویلفیر کے تحت 435365 افراد ، ایس ٹی ویلفیر کے تحت 111876 افراد ، اقلیتی بہبود کے تحت 195960 افراد کو امدادی رقم جاری کی گئی ۔ ایس سی ڈیولپمنٹ کے تحت 188212 افراد کو کلیان لکشمی اسکیم سے فائدہ ہوا۔ ریاست میں دونوں اسکیمات پر 7720.8 کروڑ خرچ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں میں لڑکیوں کی شادی کے مسئلہ کو آسان بنانے کے لئے چیف منسٹر نے یہ منفرد اسکیم شروع کی ہے۔ اسکیم کے تحت ایک لاکھ 116 روپئے کی امداد دی جارہی ہے ۔ یہ اسکیم جاریہ اسکیم ہے ،لہذا فنڈس کی قلت کا کوئی سوال نہیں ہے۔ کورونا وباء کے دوران بھی کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیم کی رقومات منظور کی گئیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسکیم کی منظوری کیلئے درمیانی افراد سے رجوع نہ ہوں۔ کسی کو ایک روپئے دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ مکمل شفافیت کے ساتھ اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے۔ ایم آر او اور آر ڈی او کی جانچ کے بعد متعلقہ رکن اسمبلی کی منظوری سے رقم جاری کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلیان لکشمی اور شادی مبارک ملک میں اپنی نوعیت کے منفرد اسکیم ہے۔ کوئی بھی مستحق خاندان اسکیم سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے امدادی رقم میں اضافہ کے مسئلہ کو چیف منسٹر سے رجوع کرنے کا تیقن دیا۔ مجلس کے رکن کوثر محی الدین نے شکایت کی گزشتہ دو سال سے ہزاروں درخواستیں زیر التواء ہیں۔ معمولی وجوہات کی بناء پر درخواستوں کو مسترد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے امدادی رقم کو دیڑھ لاکھ کرنے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ دفاتر میں بروکرس فائل کلیئرنس کے لئے 5000 روپئے حاصل کررہے ہیں۔ر