شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم ملک کیلئے مثالی

   

خواتین کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے برے پیمانے پر اقدامات : کے ایشور

حیدرآباد : ریاستی وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی کو ملک کے لئے باوقار اسکیمات قرار دیا۔ ضلع جگتیال کے ویلگاٹور ایم پی ڈی او آفس میں 31 خواتین کو 31.03 لاکھ روپئے پر مشتمل چیکس تقسیم کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ریاستی وزیر اقلیتی بہبود نے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ہر شعبہ ترقی کی سمت گامزن ہوا ہے اور ہر طبقہ کی ترقی و بہبود کے لئے حکومت نے کئی فلاحی اسکیمات کو متعارف کرایا ہے۔ جس سے سماج کا ہر طبقہ حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہے۔ انھوں نے کہاکہ غریب ماں باپ کے لئے لڑکیوں کی شادی بہت بڑا بوجھ ہے۔ شادیوں کو آسانی سے انجام دینے اور والدین کو قرض کے بوجھ سے نجات دلانے کے لئے چیف منسٹر کے سی آر نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی کو متعارف کرایا ہے۔ یہ اسکیمات چیف منسٹر کی ذہنی اختراع ہے جو سارے ملک کے لئے مثالی اسکیمات میں تبدیل ہوگئی ہیں۔ تلنگانہ حکومت خواتین کی ترقی اور بہبود کے علاوہ ان کی حفاظت کے لئے برے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے۔ مختلف دوسرے اسکیمات کے ساتھ شی ٹیمس بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ یہ بھی ملک کی دوسری ریاستوں کے لئے مثالی اسکیم بن کر اُبھری ہے۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ تمام اضلاع میں شی ٹیموں کی خدمات قابل ستائش ہے۔ تمام شعبوں میں حکومت کی جانب سے خواتین کی بڑے پیمانے پر حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ ان اقدامات سے خواتین پوری طرح مطمئن ہیں۔