شادی مبارک و کلیان لکشمی اسکیمات کی رقم میں اضافہ

   

ایک لاکھ1116سے بڑھاکر ایک لاکھ25ہزار کرنے پر حکومت کا غور

حیدرآباد۔22 فروری(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کے لئے جاری کی جانے والی رقومات میں بجٹ 2022-23کے دوران اضافہ کیا جائے گا!ریاستی حکومت کی جانب سے شادی مبارک اورکلیان لکشمی اسکیم کے تحت جاری کی جانے والی رقم کو ایک لاکھ ایک ہزار 116 سے بڑھاکر 1لاکھ 25 ہزار کرنے کے متعلق غور کیا جا رہاہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے آئندہ ماہ کے اوائل میں پیش کئے جانے والے بجٹ کے دوران چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اس اضافہ کا اعلان کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے آئندہ بجٹ کے دوران کئی اسکیمات میں رقومات کی تخصیص میں اضافہ کے ساتھ ساتھ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کی رقومات میں اضافہ کی تجویز روانہ کی گئی ہے جسے حکومت اور وزارت فینانس کی جانب سے قبول کرلیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے لڑکیوں کی شادی کیلئے چلائی جانے والی اسکیم کو حاصل ہونے والی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس اسکیم سے استفادہ کنندگان کی تعداد میں ہونے والے بتدریج اضافہ کو دیکھتے ہوئے اسکیم کی رقم میں اضافہ کیا جائے ۔ تلنگانہ میں جاری کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیم کو ملک بھر میں منفرد اسکیم قراردیا گیا ہے کیونکہ تلنگانہ کے علاوہ ملک کی کسی بھی ریاست میں لڑکیوں کی شادی میں حکومت کی جانب سے امداد کی فراہمی کی کوئی ایسی اسکیم موجود نہیں ہے جس سے راست استفادہ کنندگان کو فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کے تحت ابتداء میں ریاستی حکومت کی جانب سے 51ہزارروپئے کی امداد فراہم کی جاتی تھی لیکن چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس امدادی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 1لاکھ 1ہزار116 کیا تھا اور گذشتہ کئی برسوں سے اس رقم میں اضافہ نہیں کیا گیا تھالیکن مجوزہ بجٹ کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کے تحت جاری کی جانے والی امدادی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 1لاکھ 25 ہزار تک کئے جانے کا منصوبہ ہے ۔ م