ویملواڑہ مسلم کمیٹی کے اقدام کی ستائش ، اقلیتوں کی ترقی کیلئے فنڈس منظوری کا تیقن :رکن اسمبلی سی ایچ رمیش
ویملواڑہ : ویملواڑہ ٹاؤن مسلم کمیٹی کے وفد نے ہفتہ کے دن رکن اسمبلی سی ایچ رمیش بابو سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں ٹاؤن کمیٹی کے علاوہ مسجد کمیٹی کے ذمہ دار اور ویملواڑہ کے اہم شخصیت شامل تھے ۔ اسی دوران کمیٹی کے صدر محمد اکرم نائب صدر سید رسول (سینئر صحافی ) سکریٹری ولی محمد کے موجودگی میں شاندار طریقے سے ایم ایل اے رمیش بابو کی شال پوشی کرکے تہنیت پیش کی ۔ اسی دوران صدر محمد اکرم نے ویملواڑہ کے مسائل کی یکسوئی سے متعلق توجہ دلائی ۔ بعد ازاں نائب صدر سید رسول نے ایم ایل اے رمیش بابو کو واقف کروایا کہ ویملواڑہ کے غریب طبقہ کو ڈبل بیڈروم منظور کروائیں ۔ شادی خانہ ، عیدگاہ کو ترقی دینے کے لئے فنڈس منظور کرنا چاہئیے ۔ ویملواڑہ اُردو میڈیم ہائی اسکول میں زائد روموں کو منظور کرنا چاہئیے ۔ رکن اسمبلی رمیش بابو نے عنقریب ان مسائل کو حل کرکے فنڈس کی منظوری کا تیقن دیا ۔ اور کہا کہ فوراً عیدگاہ کی ترقی کے لئے 5 لاکھ روپئے کی منظوری فراہم کی گئی ۔ ویملواڑہ میں نئی قائم کردہ کمیٹی کو رمیش بابو نے مبارکباد دی ۔ مزید بتایا کہ ویملواڑہ کے جو نئی قائم کردہ کمیٹی نے لڑکیوں کی شادی میں صرف ایک پکوان کا جو فیصلہ لیا ہے یہ نہ صرف تلنگانہ ریاست میں بلکہ پورے ملک میں قابل تقلید بنے اور چند علاقوں میں بھی یہ عمل کی شروعات ہوچکی ہے ۔ رکن اسمبلی نے مسرت کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ٹاؤن کمیٹی کے ذمہ داران خواجہ نعیم الدین ، شبیر ، ابراہیم ، پرویز کے علاوہ سینئر صحافی سید حبیب پاشاہ پریس کلب کے آرگنائزر سکریٹری سید علی میونسپل کو آپشن ممبر بابن، مارکٹ کمیٹی ڈائرکٹر پیر محمد ، ٹی آر ایس پارٹی کے ٹاؤن صدر پی راجو ، محمد سلیم و دیگر موجود تھے ۔