لکھنؤ: عالمی وبا کورونا وائرس پر موثر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد اترپردیش حکومت نے کھلے میں منعقد کئے جانے والے شادی و دیگر تقریبات میں مہمانوں کی تعداد کے سلسلے میں لگائی پابندی کو ختم کردیا ہے جس کے بعد کھلے علاقے میں کووڈ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے رقبہ کے حساب سے مہمانوں کو مدعو کیا جاسکے گا۔محکمہ داخلہ کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کر کے اس ضمن میں جانکاری دی گئی۔ ٹوئٹ کے مطابق’اترپردیش انتظامیہ نے شادی و دیگر تقریبات کو کھلے مقام پر رقبہ کے مطابق اجازت دے دی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ہر جگہ پر کووڈ پروٹوکول پر عمل کرنا ضروری ہوگا۔ اس دوران باب الداخلہ پر کووڈ ہیلپ ڈیسک کا لگایا جانا ضروری ہے ۔قابل ذکر ہے کہ اترپردیش میں کورونا کے ایکٹیو مریضوں کی تعداد 177رہ گئی ہے ۔ 10کروڑ 39لاکھ 55ہزار ویکسین لگا کر اترپردیش کووڈ ٹیکہ کاری میں بھی ملک میں سرفہرست ہے ۔ ریاست کے 31اضلاع میں کورونا وائرس کا ایک بھی مریض نہیں ہے ۔
