شادی کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا : حسن علی

   

کراچی ۔31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر حسن علی نے اپنی شادی کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی ان کی شادی کے بارے میں کوئی بھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ میڈیا میں حسن علی کی شادی کے حوالے سے خبریں زیرگردش ہیں کہ وہ ریاست ہریانہ کی رہائشی شامیہ آرزو سے شادی کرنے والے ہیں اور 20 اگست کو دونوں کی شادی ہو گی۔ تاہم حسن علی نے اپنی شادی کے حوالے سے خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے اسکی تردید تو نہیں کی تاہم کہا ہے کہ ابھی شادی کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ابھی میری شادی طے نہیں ہوئی، ہمارے خاندانوںکو ابھی ملنا ہے اور وہ اس بارے میں کوئی فیصلہ کریں گے جس کے بعد ہم اعلان کردیں گے۔ شامیہ آرزو نے مانو رچنا یونیورسٹی سے ایرو ناٹکس کی ڈگری حاصل کی اور اس وقت ایمرٹس ایرلائن میں بطور فلائٹ انجینئرکام کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان دونوں کی ملاقات فلائٹ میں ہی ہوئی اور ان دونوں میں ایک سال سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔