حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) شادی کا وعدہ کرتے ہوئے رقم حاصل کرنے کے بعد دھوکہ دینے والے ایک شاطر شخص کو راچہ کنڈہ سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے 31 سالہ وی شیوا تیجا ساکن تروپتی آندھرا پردیش کو گرفتار کرلیا جو پیشہ سے تاجر ہے اور اس نے وزن کم کرنے کے بہانے ویٹ لاس کلینک میں کام کرنے والی شکایت گذار لڑکی کو اپنے جال میں پھانسا اور لڑکی سے7 لاکھ 13,053 روپئے مختلف مراحل میں حاصل کرتے ہوئے اسے دھوکہ دیا۔ لڑکی کا فون نمبر حاصل کرنے کے بعد تیجا نے اس سے بات چیت کا آغاز کیا اور لڑکی کو جھانسہ میں ڈالنے کے لئے تروپتی میں بڑی اراضی اور جائیداد کا مالک بتایا اور کہا کہ وہ کنیڈا میں ملازمت کرتا ہے اور اپریل سال 2021 میں مالی پریشانیوں کی دہائی دیتے ہوئے لڑکی سے رقم حاصل کیا۔ اپریل 2021 سے فروری 2022 تک 111 مرتبہ اس نے لڑکی سے 7 لاکھ 13 ہزار روپئے سے زائد رقم حاصل کرلیا اور شادی کا مطالبہ کرنے پر اس نے رابطہ منقطع کرلیا۔ سائبر کرائم پولیس نے آج اس دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا۔ ع