ممبئی : بالی وڈ اداکارہ جیہ بچن نے شادی کیلئے امیتابھ کی جانب سے شرط رکھنے کا انکشاف کیا ہے۔سینئر اداکارہ جیہ بچن نے اپنی نواسی کی پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے امیتابھ بچن سے شادی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب ہم نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا تو امیتابھ نے مجھے کہا کہ وہ ایسی بیوی نہیں چاہتے جو گھر سے باہر 5 سے 9 گھنٹے کام کرے بلکہ وہ چاہتے تھے کہ ان کی بیوی گھر میں رہے اور فیملی کو زیادہ وقت دے۔جیہ بچن نے کہا کہ میں کام کرسکتی تھی لیکن روزانہ کام کرنے کی اجازت نہیں تھی۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے اکتوبر میں شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور شادی سے پہلے ہم اپنی فلم ‘زنجیر’ کی کامیابی کا جشن منانے کے لیے اکٹھے چھٹیاں گزارنے والے تھے۔ تاہم امیتابھ کے والدین نے اس کی اجازت نہیں دی جس کے بعد ہم نے اکتوبر کے بجائے جون میں شادی کرنے کا فیصلہ کیا اور اس طرح ہم نے ساتھ چھٹیاں گزاریں۔واضح رہے کہ بالی ووڈ کی کامیاب جوڑی کی شادی کو 51 سال مکمل ہوگئے ہیں، ان کے دو بچے ابھیشیک اور شویتا بچن ہیں۔