حیدرآباد /13 نومبر ( سیاست نیوز ) شادی کی تیاری میں مصروف لڑکی کیلئے منگل سوتر کی خریداری موت کا سبب بن گئی ۔ چندرا نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 27 سالہ لڑکی سواتیکا نے انتہائی اقدام کرلیا چونکہ شادی سے قبل ہی اس کے منگیتر نے اس کو برا بھلا کہہ دیا تھا اور ڈانٹ ڈپٹ کی تھی ۔ سواتیکا اور ششی کانت کی شادی طئے ہوچکی تھی اور ہر دو جانب رشتہ دار شادی کی تیاریوں اور خریداری میں مصروف تھے ۔ اس دوران سواتیکا بھی بازار گئی اور منگل سوتر کی خریداری کیلئے شاپنگ کا آغاز کیا ۔ اس دوران اس لڑکی نے اس کے منگیتر ششی کانت کو فون کیا اور بازار میں موجودگی کے علاوہ منگل سوتر کی خریداری کے بارے میں بتایا اور پسند کو اہمیت دینے کی کوشش کی لیکن ششی کانت کو یہ بات پسند نہیں آئی اور وہ سواتیکا پر برہم ہوگیا اور کہا کہ والدین اور افراد خاندان منگل سوتر خریدیں گے جس کے بعد اس فون پر ڈانٹ ڈپٹ کی جس سے لڑکی شدید دلبرداشتہ ہوگئی اور اس نے گھر پہونچنے کے بعد پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔