رائے پور : چھتیس گڑھ کے بلودہ بازار ضلع میں ایک جان لیوا سڑک حادثہ پیش آیا ۔ بلودہ بازار ضلع کے بھٹاپارہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں کھمریا علاقہ میں جمعہ کی صبح ایک ٹرک اور ایک پک اپ ویان میں تصادم ہوا جس کے نتیجہ میں پک اپ ویان میں سوار 11 افراد موقع پر ہی فوت ہوگئے ، 10دیگر شدید زخمی ہوگئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں ۔ زخمیوں کو ہاسپٹل لے جایا گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب پک اپویان میں سوار افراد شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے ۔ ان سب کا تعلق سنگا کے قریب گاؤں کھیوڑہ سے ہے ۔کرناٹک کے دھارواڑ میں ایک اور حادثہ میں پانچ افراد کی موت ہوگئی ۔ دھارواڑ کے قریب ایک تیز رفتار کار نے کنٹرول کھودیا اور لاری سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں کار میں سوار 5 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ چار دیگر زخمی ہوئے ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا ۔ مرنے والوں کی شناخت بیلگاوی ضلع کے کٹور کے رہنے والے کے طور پر ہوئی ہے ۔