سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک ‘ مہلوکین میں دولہا بھی شامل
حیدرآباد 19 ،مئی (سیاست نیوز ) حیدرآباد میں شادی کی شاپنگ کے بعد آندھراپردیش کے اننت پور شہر روانہ ہونے والا خاندان خوفناک سڑک حادثہ کا شکار ہو گیا۔ اس سڑک حادثہ میں ہونے والے دولہے کے بشمول 6 افراد اپنی جان گنوا بیٹھے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں یہ حادثہ ہفتہ کی صبح قومی شاہراہ نمبر 44 پر اْس وقت پیش آیا جب تیز رفتار کار ڈرائیور نے اس کا توازن کھو دیا اور یہ کار ڈیوائیڈر سے ٹکراگئی۔ بعد ازاں یہ کار، لاری سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جن کی شناخت 58 سالہ علی صاحب ، 28 سالہ شیخ فیروز با شاہ ( ہونے والا دولہا ) ، 38 سالہ زاہدہ اور ان کے دو بچے ، 6 سالہ محمد ایان 4 سالہ امان اور 40 سالہ ریحانہ بیگم کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اتنت پور کے رانی نگر علاقہ سے تعلق رکھنے والا یہ خاندان ، متوفی فیروز کی شادی کیلئے حیدر آباد میں شادی کی شاپنگ کے بعد واپس ہو رہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔یہ شادی 27 مئی کو مقرر تھی شادی کی شاپنگ کیلئے دو کاروں میں 15 افراد حیدرآباد جمعہ کو آئے تھے جمعہ کی رات 10 بجے شاپنگ مکمل کرنے کے بعد اننت پور واپس ہورہے تھے کہ درمیان میں بارش ہوئی جس پر ایک کار کو روک دیا گیاجبکہ دوسری کار بغیر رکے آگے بڑھ گئی جو حادثہ کا شکار ہو گئی۔کار میں موجود 7 کے منجملہ 6 افراد بر سر موقع جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک زخمی زیر علاج ہے۔ اطلاع پر پولیس وہاں پہنچی جس نے امدادی کارروائی شروع کر دی۔ پولیس نے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس نے زخمیوں کو علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کر دیا۔ سمجھا جاتا ہیکہ ڈرائیور حالت نیند میں تھا جس کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔