نئی دہلی : آج کل شادی بیاہ رشتوں سے زیادہ دکھاوے کی شکل اختیار کر رہی ہے۔ لوگ اپنی زندگی کی نئی شروعات سے زیادہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شادی کی نمائش میں مصروف ہیں۔ ایسا ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہو رہا ہے۔ جہاں شادی کے اسٹیج پر کرتب دلہن کو مہنگا پڑگیا۔ مہاراشٹرا میں پیش آئے اس واقعہ کے وائرل ویڈیو میں دولہا اور دلہن شادی کے اسٹیج پر نظر آرہے ہیں۔ سامنے میز پر ایک کیک رکھا ہوا ہے اور دونوں کے ہاتھوں میں ایک چمکیلی بندوق ہے۔ فوٹو سیشن کیلئے دولہا اور دلہن نے جیسے ہی پوز میں چمکتی بندوق سے فائر کیا اور اس میں سے شعلے نکلنے لگیں، چند ہی سیکنڈ میں بندوق میں کچھ گڑبڑ ہو گئی اور منظر بدل گیا۔ فائر کے اس کرتب نے براہ راست دلہن کے چہرے کو اپنا نشانہ بنایا۔ چہرے پر مسکراہٹ ماتم میں بدل گئی اور دلہن درد سے کانپ اٹھی۔ دلہن کا چہرہ آگ سے جھلس گیا، پھر بندوق پھینک کر آگ بجھانے کی کوشش کرنے لگی۔ پھر شادی کے اسٹیج پر افراتفری مچ گئی۔ اسپارکل گن کے دھماکے سے جھلسنے والی دلہن کے چہرے کی ویڈیو ہنسی مذاق کرنے والی ہے۔ خوشی کے سلسلے میں کیا گیا اسٹنٹ دلہن کی خوشی کی فضا کو سوگوار کرگیا۔ سوشل میڈیا صارفین کی اکثریت نے دلہن سے ہمدردی کا اظہار کیا اور اس کی خیریت دریافت کی، جبکہ بہت سے صارفین ایسے بھی تھے جنہوں نے شادی کے نام پر اس طرح کے کرتب اور دکھاوے کی حرکات پر برہمی کا اظہار کیا۔