شادی کے بعد عاشق کے ساتھ فرار ہونے کا خاتون کا دعویٰ

   

حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : شادی کے دو ماہ بعد عاشق کے ساتھ فرار ہونے والی خاتون نے گمشدگی کے معاملہ کو خود ہی حل کرلیا ۔ اچانک لاپتہ خاتون کے لیے ایک طرف شوہر اور دوسری طرف اس کے والدین پریشان تھے ۔ جو گھر سے تو یہ بتا کر گئی تھی کہ وہ اپنے مائیکے جارہی ہے ۔ شوہر بیوی کے مائیکے جانے کی خواہش پر رضا مندی ظاہر کی تھی اور ہنسی خوشی نئی نویلی دلہن کو وداع کیا ۔ بیوی کے مائیکے پہونچنے کے بعد فون کال کا منتظر رمیش کافی دیر تک پریشان تھا اور اس نے بے چینی کے عالم میں سسرال والوں کو فون کیا اور بیوی کے متعلق دریافت کیا جب اس کے سسرال والوں نے جواب دیا کہ لکشمی گھر نہیں پہونچی تو سارے لوگ پریشان ہوگئے اور لکشمی کی دریافت اور اس کی تلاش میں جٹ گئے ۔ پریشان حال افراد خاندان اور شوہر پر اس وقت بجلی گری جب لکشمی نے شوہر کے فون پر میسیج کردیا ۔ اس میسیج کو دیکھنے کے بعد رمیش پر سکتہ طاری ہوگیا ۔ میسیج میں لکشمی نے اپنی فراری کی اطلاع دی اور سارے واقعہ کو بیان کیا ۔ رمیش اور لکشمی کی شادی 2 ماہ قبل ہوئی تھی ۔ ان کا تعلق میٹاپوڈور پرگی ضلع وقار آباد سے بتایا گیا ہے ۔ دو ماہ قبل افراد خاندان نے ان کی شادی کی تھی ۔ لیکن لکشمی کسی اور لڑکے سے محبت کرتی تھی اس نے شادی سے انکار نہیں کیا بلکہ شادی کے دو ماہ تک شوہر کے ساتھ خوشگوار تعلقات میں زندگی بسر کی اور موقع کا فائدہ اٹھا کر عاشق کے ساتھ فرار ہوگئی ۔۔ ع