شادی کے رشتہ سے محروم کانسٹبل نے استعفی دے دیا

   

حیدرآباد ۔ /11 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس سے وابستہ ایک پولیس کانسٹبل نے حیرت انگیز اقدام کرتے ہوئے اپنی ملازمت سے استعفیٰ دیدیا ۔ پولیس اسٹیشن چارمینار سے وابستہ کانسٹبل سدھارتھی پرتاب نے پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار کو تحریری مکتوب حوالے کیا جس میں بتایا کہ وہ کانسٹبل ہونے کے نتیجہ میں اس کے شادی کا رشتے ٹھکرائے جارہے ہیں ۔ اس نے اپنے رشتہ داروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں ایک قریبی رشتہ دار لڑکی نے پولیس کانسٹبل ہونے پر اس نے شادی سے انکار کردیا ۔ جس کے نتیجہ میں وہ دلبرداشتہ ہوگیا ہے اور ذہنی تناؤ کا بھی شکار ہوچکا ہے ۔ پرتاب نے اپنے مکتوب میں یہ کہا کہ اس نے انجنئرنگ کی تعلیم حاصل کی اور سال 2014 ء میں پولیس کانسٹبل کی حیثیت سے ملازمت حاصل کی ۔ 40 سال تک پولیس کانسٹبل کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے باوجود بھی کانسٹبل رتبہ کے عہدیداروں سے ناانصافی کی جارہی ہے اور سینکڑوں کانسٹبلس اسی عہدہ پر سبکدوش ہورہے ہیں جبکہ سب انسپکٹران رتبہ اور اس سے اعلیٰ رتبہ عہدیداروں کو مقررہ وقت پر ترقی بھی حاصل ہورہی ہے اور انہیں معقول تنخواہ بھی دی جارہی ہے ۔ پولیس کانسٹبل کے اس استعفیٰ نے پولیس حلقوں میں ہلچل مچادی ہے ۔