شاد نگر میں جدید سی سی کیمروں کا رُکن اسمبلی کے ہاتھوں افتتاح

   

Ferty9 Clinic

کیمروں کی تنصیب سے جرائم میں کافی حد تک کمی۔ ڈی سی پی شاد نگر کا خطاب

شاد نگر۔ شاد نگر پولیس کی نگرانی میں شاد نگر ٹاؤن میں 8 لاکھ 50 ہزار روپئے مالیت سے نصب کردہ جدید سی سی کیمروں کا رُکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پرشاد نگر پولیس اسٹیشن میں منعقدہ تقریب میں ڈی سی پی شمس آباد پرکاش ریڈی، اے سی پی شاد نگر کوشلکر، شاد نگر ٹاؤن سرکل انسپکٹر سریدھر کمار، شاد نگر بلدیہ چیرمین کے نریندر، وائس چیرمین ایم ایس نٹراج کے علاوہ شاد نگربلدیہ کونسلرس اور مقامی سیاسی قائدین اور تاجرین موجود تھے۔ رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو نے شاد نگر پولیس اسٹیشن میں منعقدہ تقریب میں کہا کہ ٹاؤن میں سی سی کیمرے نصب کرنے کی وجہ سے جرائم میں بھی کافی حد تک کمی آئی ہے اور کسی وجہ سے کسی مقام پر کوئی جرم پیش آتا ہے تو مجرم کو پکڑنے میں سی سی کیمرے پولیس کیلئے کافی کارآمد ہورہے ہیں۔ جرائم کرنے والے افراد بھی جرم کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ شاد نگر ٹاون میں سی سی کیمرے نصب کرنے کی وجہ سے عوام بھی کافی مطمئن ہیں۔ ڈی سی پی شمس آباد پرکاش ریڈی نے کہا کہ محکمہ پولیس جدید ٹکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد پر نظر رکھ رہی ہے اور جدید سی سی کیمروں کو شاد نگر ٹاؤن کے مختلف کالونیوں اور اہم شاہراہوں پر نصب کرتے ہوئے ناگہانی واقعات پر راست نگرانی کی جارہی ہے۔ سی سی کیمروں کو نصب کرنے کی وجہ سے جرائم بھی کافی حد تک کنٹرول میں ہیں۔ اگر کسی مقام پر کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو پولیس سی سی کیمروں کی مدد سے مجرم تک پہنچ رہی ہے۔ سی سی کیمروں کو نصب کرنے میں مقامی عوام، تاجرین اوردیگر معززین شاد نگر کے تعاون سے اظہار تشکر کیا۔ اے سی پی کوشلکر نے کہا کہ شاد نگر ٹاؤن قومی شاہراہ سے متصل ہے اور شہر حیدرآباد سے قریب ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں سے روزگار اور ملازمت کے مقصد سے لوگ شاد نگر کا رُخ کررہے ہیں۔ پولیس جرائم پیشہ افراد پر خصوصی نظر رکھی ہوئی ہے۔