شاد نگر میں ووٹ کیلئے لالچ کے حربے ، تحائف کا میلہ …!

   

ووٹرس میں نقدی اور شراب کی بے دریغ تقسیم ، امیدواروں کی بے قاعدگی پر انتظامیہ کی چشم پوشی معنی خیز
شاد نگر ۔10 فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عورتوں کو ساڑیاں ، مردوں کو نقدی، نذرانے میں کوکرس اور دیگر مختلف قسم کے تحائف، یہ سب کچھ کرنے کے لیے امیدوار تیار ہیں ،کئی وارڈوں میں خوب گہماگہمی دیکھی گئی۔ پیر کی شام انتخابی تشہیری مہم ختم ہوتے ہی رات سے لالچ کا کھیل شروع ہو گیا۔ ووٹروں کے ووٹ کو اپنے جال میں پھانسنے کی کوششیں تیز ہو گئیں ہیں چونکہ انتخابی عمل یعنی رائے دہی صرف کچھ گھنٹے ہی باقی رہ چکے ہیں۔ اب مزید انتخابی مہم کی گنجائش نہیں رہی، اس لیے آخری کوشش کے طور پر لالچ کا میلہ شروع ہو گیا ہے۔ کئی وارڈوں میں بڑی سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے اس کام کی شروعات کر دی گئی ہے۔ ایک طرف پولیس کی نگرانی ہے، اس کے باوجود ان کی نظروں سے بچ کر یہ تقسیم بدستور جاری رہی ۔ ایک ایک ووٹ کی قیمت 1000/- سے 2,000/- روپے تک لگائی جا رہی ہے، ساتھ ہی خاتون ووٹرس کو اپنی جانب متوجہ کرنے اور ان کے حق میں ووٹ کا استعمال کرنے کے لیے ساڑیاں بطور تحفہ دی جا رہی ہیں۔ کچھ لوگ ایک قدم آگے بڑھ کر پریشر کوکر جیسے تحائف بھی دے رہے ہیں۔ مزید کچھ دوسرے سامان بھی تقسیم کئے۔ ہر کوئی تحائف کے ذریعہ ووٹروں کو متاثر کرنے کی کوشش میں رہا۔ یہ سب سرگرمیاں رات کے وقت ان دو دنوں میں مسلسل جاری رہیں۔دعوت کے نام پر سیندھی اور شراب کی تقسیم عمل میں آئی۔ نقدی، تحائف اور نذرانے ہی نہیں بلکہ شراب کی بوتلیں بھی کھانے کے ساتھ گھر گھر پہنچائی جا رہی ہیں۔ ووٹرس بھی کھلے عام امیدوار سے مذکورہ اشیاء طلب کر رہے ہیں۔ اس کے لیے ایک دن پہلے ہی بڑی تعداد میں شراب کا ذخیرہ محفوظ مقام پر منتقل کر لیا گیا تھا۔ ایکسائز دفتر والی گلی میں ہی بڑے پیمانے پر شراب کی فروخت ہونا حیران کن بات ہے۔ اسی طرح مختلف کالونیوں میں ووٹروں کو نشے میں مبتلا کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ شراب دھڑا دھڑ بہہ رہی ہے لیکن ایکسائز افسران کو کوئی خبر نہیں، یہ بات قابلِ غور ہے۔ چھوٹے چھوٹے طبقاتی تنظیمیں بھی اپنے اپنے مطالبات کو امیدواروں کے سامنے رکھتے ہوئے پورا کروانے کی کوشش کرتے دکھائی دیئے۔ اس انتخابی مہم سے ہر ایک ووٹرس کسی نہ کسی طریقہ سے امیدواروں سے کوئی نہ کوئی مطالبہ کرتے دکھائی دیئے اور انتخابی مہم میں حصہ لینے والے امیدوار اپنے ہاتھ سے کوئی موقع جانے نہیں دیئے۔